مذاکرات کے بجائے دہشت گردی کیخلاف کارروائی کو ترجیح : معتمد خارجہ

نئی دہلی 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج اشارہ دیا ہے کہ پٹھان کوٹ حملہ کے بعد پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کارروائی کو مذاکرات کے مقابلہ ترجیح دی جائے گی۔ اس حملہ کے بعد معتمدین خارجہ سطح کی بات چیت ملتوی کردی گئی تھی۔ معتمد خارجہ ایس جئے شنکر نے کہاکہ دہشت گرد حملہ کے بعد اگر کوئی یہ سوال کرے کہ دہشت گرد حملہ یا سفارتی مذاکرات دونوں میں کسے ترجیح دی جائے گی تو ان کا جواب یقینا دہشت گرد حملہ ہوگا۔ وہ آج ریزینا ڈائیلاگ کے مشاورتی سشن میں مختلف سوالات کا جواب دے رہے تھے۔ ایس جئے شنکر نے کہاکہ پٹھان کوٹ حملہ کے بعد دونوں ممالک ایک دوسرے سے ربط برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ بنیادی سطح پر قومی سلامتی مشیر اور کسی حد تک معتمد خارجہ سطح پر یہ ربط برقرار ہے۔ ہندوستان نے پٹھان کوٹ حملہ کے لئے دہشت گرد گروپ جیش محمد کو مورد الزام قرار دیا اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
حامد کرزئی کا آج آئی آئی ٹی کانپور کے طلباء سے خطاب
کانپور 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) سابق صدر افغانستان حامد کرزئی کل آئی آئی ٹی کانپور کے طلباء سے خطاب کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ انسٹی ٹیوٹ کے ’’ٹیک کرتی‘‘ فیسٹیول میں حصہ لیں گے۔ کانپور ضلع مجسٹریٹ کوشل راج شرما نے بتایا کہ کرزئی کے دورہ کے پیش نظر سکیوریٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ حامد کرزئی کل لکھنؤ پہنچیں گے جہاں سے ذریعہ کار یا ہیلی کاپٹر وہ آئی آئی ٹی کیمپس کا دورہ کریں گے۔