مذاکرات کا عمل پاکستان نے متاثر کیا : سشماسوراج

نئی دہلی ۔ 8 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے مذاکرات کا عمل متاثر کرنے کیلئے آج پاکستان کو موردالزام قرار دیا۔ تاہم کہا کہ سفارتی روابط پر مکمل روک نہیں لگائی گئی ہے اور مختصر توقف کے بعد پھر یہ سفر جاری رہے گا۔ اس طرح ہندوستان نے مستقبل قریب میں مذاکرات کے احیاء کا اشارہ دیا۔ وزیرامور خارجہ سشماسوراج نے پاکستان کے کشمیری علحدگی پسندوں سے مذاکرات کی واجبیت کا سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا یہ موقف قبول نہیں کیا جاسکتا کہ وہ ہندوستان کے داخلی معاملات میں مداخلت کرے۔ جب ان سے پاکستان کے ساتھ نمٹنے کیلئے مستقبل کے لائحہ عمل کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ڈپلومیسی میں کبھی پابندی نہیں ہوتی۔ یہ ایک جاری رہنے والا سفر ہے جس میں کبھی کبھار توقف کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ عوام چاہتے ہیںکہ مذاکرات کا یہ عمل جاری رہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وزیراعظم نریندر مودی جاریہ ماہ کے اواخر میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر نیویارک میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کریں گے، انہوں نے کہا کہ اس کا انحصار صورتحال پر ہوگا۔ دیکھنا یہ ہوگا کہ آئندہ دنوں میں حالات کیا رخ اختیار کرتے ہیں۔