اسلام آباد ، 19 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کی وفاقی حکومت نے طالبان شدت پسندوں کے ساتھ براہ راست مذاکرات کا سلسلہ فی الوقت منقطع تو کر دیا ہے لیکن وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ اس بارے میں مشاورت میں شریک بعض قائدین کا کہنا ہے کہ انہوں نے شدت پسندوں کے خلاف فوجی کارروائی کرنے کے بارے میں بھی ابھی تک کابینہ یا حکمران جماعت کے ساتھ کسی قسم کی مشاورت نہیں کی ہے۔ وزیراعظم کے قریبی خیال کئے جانے والے ایک سینئر مسلم لیگی عہدہ دار نے بتایا کہ نواز شریف نے فوجی قیادت کے ساتھ بھی صرف ایک بار قبائلی علاقوں میں طاقت کے استعمال پر بریفنگ لی تھی۔ نواز شریف کابینہ کے ایک رکن نے بھی اس امر کی تصدیق کی ہے کہ بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے گزشتہ ماہ ایک بریفنگ میں وزیراعظم کے براہِ راست سوال کے جواب میں کہا تھا کہ فوجی آپریشن کے ذریعے شمالی وزیرستان کو شدت پسندوں سے خالی کروانا ’قابلِ عمل‘ ہے۔ تاہم کابینہ کے اس رکن کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے کابینہ، حکمران جماعت یا فوجی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں اس موضوع پر مزید کوئی بات نہیں کی ہے۔
سندھ: گیس پائپ لائن دھماکے سے تباہ، دو افراد ہلاک
کراچی ، 19 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے صوبہ سندھ میں قدرتی گیس پائپ میں دھماکے سے کم ازکم دو افراد ہلاک اور دو دیگر زخمی ہوگئے۔ ضلع گھوٹکی میں اوباڑہ کے قریب علاقہ میرکوش میں 36 انچ قطر کی گیس پائپ میں رات دیر گئے یکایک دھماکہ ہوا اور آگ بھڑک اٹھی۔ پولیس کے مطابق وہاں موجود دو چوکیدار اس واقعے میں ہلاک ہوگئے جبکہ بعد میں آگ پر قابو پا لیا گیا۔ اس واقعہ سے پنجاب کے مختلف اضلاع میں گیس کی فراہمی عارضی طور پر معطل ہوگئی۔