مذاکرات میں کوئی ابہام نہیں: نواز شریف

اسلام آباد ۔ 26 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ امن مذاکرات کے سلسلے میں حکومت کسی ابہام کا شکار نہیں ہے اور قومی سکیورٹی پالیسی کسی ایک جماعت کی نہیں بلکہ پورے ملک کی پالیسی ہے۔ آج قومی اسمبلی میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ اگر کوئی سیاسی جماعت سمجھتی ہے کہ وزیر داخلہ کی وضاحت سے تذبذب پیدا ہوا ہے تو اسے دور کرنے کی پوری کوشش کی جائے گی۔ سرکاری ٹی وی کے مطابق نواز شریف نے کہا کہ حکومتی مذاکراتی کمیٹی نے بات چیت کے عمل کو واضح رکھا اور کمیٹیوں کی بات چیت سے قوم کو آگاہ کیا گیا

تاکہ قوم کو معلوم ہوتا رہے کہ مذاکرات کس سمت میں جا رہے ہیں۔ قومی سلامتی پالیسی کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں انتہائی محنت سے کام کیا گیا ہے جو قابل تعریف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کسی سیاسی جماعت یا حکومت کی پالیسی نہیں بلکہ مملکت کی پالیسی ہے اور یہ حرفِ آخر بھی نہیں۔ نواز شریف نے کہا کہ اس پالیسی میں بہتری کی گنجائش ہے اور ایوان کی آرا کی روشنی میں اسے بہتر کیا سکتا ہے اورجو تجاویز واقعتاً اس کا حصہ بننے کے قابل ہوں گی تو انھیں ضرور شامل کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج کا ایوان ماضی کے مقابلے میں کافی مختلف ہے۔