مدینہ منورہ میں خود کش حملہ صیہونی سازش

نام نہاد جہادی تنظیموں کو آلہ کار بنانے کی مذموم کوشش : فرحت اللہ خاں
حیدرآباد۔5جولائی (سیاست نیوز) مدینہ پاک میںکیا گیا خودکش حملہ دراصل صہیونی سازش کا نتیجہ ہے۔صدر مجلس بچاؤ تحریک جناب مجید اللہ خان فرحت نے سعودی عرب میں مختلف مقامات پر ہوئے بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی عناصر نام نہاد مسلمانوں کو اپنا آلۂ کار بناتے ہوئے اس طرح کے گھناؤنے کام کروا رہے ہیں جو کہ غیر اسلامی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران اس طرح کی کسی کاروائی کی توقع نہیں کی جا سکتی کیونکہ یہ مہینہ صبر کا مہینہ ہے ۔ جناب مجید اللہ خان فرحت نے کہا کہ اس ماہ مبارک میں کائینات کی مقدس ترین سر زمین پر خودکش حملہ اس بات کا غماز ہے کہ عالمی سطح پر امت مسلمہ صہیونی سازش کے نرغے میں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس پر آشوب ماحول میں ہر ذمہ دار مسلم شخصیت و تنظیم پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ صبر و تحمل‘ تحقیق‘ اخلاص اور حکمت سے کام لیتے ہوئے تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھیں اور صہیونی دہشت گردی و سازشوں کو آشکار کرتے ہوئے امت مسلمہ کے نوجوانوں میں شعور اجاگر کریں۔ صدر مجلس بچاؤ تحریک نے کہا کہ دنیا بھر میں جہاں کہیں دہشت گردانہ کاروائیاں انجام دی جا رہی ہیں اور بم دھماکے کئے جا رہے ہیں اگر ان کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے تو یہ بات سامنے آرہی ہے کہ صہیونی و طاغوتی طاقتیں گمراہ نوجوانوں کو استعمال کرتے ہوئے دھماکے کروا رہی ہیں۔ انہوں نے مدینہ منورہ کے تقدس کو پامال کرنے کی کوشش کے خلاف سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی بھی طاقت ایسی کوشش کرتی ہے تو عالم اسلام کا مسلمان اپنی جان پر کھیل کر اس شہر امن کے تقدس کو برقرار رکھے گا۔جناب مجید اللہ خان نے بتایا کہ جو لوگ مسلکی اختلافات کو ہوا دیتے ہوئے دین اسلام کے ماننے والوں کو منتشر کر رہے ہیں انہیں پہچاننے کی ضرورت ہے کیونکہ حقیقت میں وہی لوگ ہمارے دشمن ہیں جو ہم میں اختلافات پیدا کرتے ہوئے ہمیں کمزور کر رہے ہیں۔جناب مجید اللہ خان فرحت نے کہا کہ اس صبر آزما صورتحال میں امت مسلمہ کو چاہئے کہ وہ اللہ سے دعا کرے کہ اللہ ہمیں صراط مستقیم پر گامزن رکھے اور شیاطین کے شر سے محفوظ رکھے۔