مدینہ منورہ سے مزید 350 حجاج کرام کی حیدرآباد واپسی

تاحال 5422 حجاج کی آمد، آج آخری دو قافلے حیدرآباد پہنچیں گے
حیدرآباد۔/2نومبر، ( سیاست نیوز) ریاستی حج کمیٹی کے حجاج کرام کا 16واں قافلہ آج شام حیدرآباد واپس ہوا۔ سعودی ایر لائنس کی خصوصی پرواز کے ذریعہ 350 حجاج کرام پر مشتمل یہ قافلہ مدینہ منورہ سے حیدرآباد پہنچا۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے شمس آباد انٹر نیشنل ایرپورٹ پر حجاج کا استقبال کیا۔ 16قافلوں کے ذریعہ ابھی تک 5422 حجاج کرام وطن واپس ہوچکے ہیں۔ حج کمیٹی سے روانہ ہونے والے حجاج کی واپسی کا عمل تقریباً اختتامی مرحلہ میں ہے۔ کل3نومبر کو حجاج کے دو قافلے وطن واپس ہوں گے۔ پہلا قافلہ شام 4:30بجے اور دوسرا رات 9بجے حیدرآباد پہنچے گا جس میں جملہ 600حجاج کرام شامل ہوں گے۔ اس طرح حج کمیٹی کے حجاج کی واپسی کا عمل مکمل ہوجائے گا۔ سعودی ایر لائنس کی جانب سے حجاج کی واپسی اور حج سیزن کے اختتام کے موقع پر حج ٹرمنل میں رسمی تقریب کا اہتمام کیا جاتا ہے جس میں حج کمیٹی اور تمام متعلقہ محکمہ جات کے عہدیدار شرکت کرتے ہیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ حج کیمپ 2014 کامیابی سے منعقد کیا گیا اور روانگی و واپسی کے علاوہ سعودی عرب میں قیام کے دوران حجاج کیلئے معقول انتظامات کئے گئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ ویٹنگ لسٹ کے ذریعہ منتخب 82حجاج کرام 4اور 5 نومبر کو ممبئی واپس ہوں گے کیونکہ ان کی روانگی ممبئی سے عمل میں آئی تھی۔ حج کمیٹی کے اسٹاف اور ڈاکٹرس کی ٹیم کو آج ممبئی روانہ کردیا گیا ہے جو حجاج کرام کے ساتھ حیدرآباد واپس ہوں گے۔ حج کمیٹی نے واپسی کے موقع پر بھی آر ٹی سی کی 3خصوصی بسوں کا انتظام کیا ہے۔ حکومت نے حج سیزن کے کامیاب انعقاد اور حجاج کرام کی واپسی کی تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا اور حج کمیٹی کے انتظامات کی ستائش کی۔