مدینہ بلڈنگ تا چارمینار ٹریفک بند

حیدرآباد 22 جولائی (سیاست نیوز) مدینہ بلڈنگ تا چارمینار سڑک کو گاڑیوں کے لئے آج سے بند کردیا گیا ہے۔ ماہ رمضان المبارک کے آخری ایام میں محکمہ پولیس کی جانب سے خصوصی انتظامات کے طور پر اِس اہم ترین سڑک کو بند کئے جانے کی روایت ہے لیکن اِس مرتبہ اِس سڑک پر گاڑیوں کی گذر گاہ کھلی رکھنے کے متعلق فیصلہ کیا گیا تھا۔ چونکہ کمشنر پولیس کے علاوہ کمشنر مجلس بلدیہ حیدرآباد نے اِس اہم ترین سڑک کو مکمل طور پر بند نہ کرنے کی ہدایت دی تھی۔ اِس علاقہ میں فٹ پاتھ اور ٹھیلہ بنڈی رانوں کے کاروبار آخری دنوں میں عروج پر ہوتے ہیں اِسی لئے اِس سڑک کو مکمل طور پر بند کرتے ہوئے خریداروں کو سہولت فراہم کی جاتی ہے لیکن علاقہ کے تاجرین کی جانب سے اِس سلسلہ میں یادداشت پیش کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ تاجرین راستہ مکمل طور پر مسدود کئے جانے کے سبب مشکلات کا شکار ہورہے ہیں۔ اِسی طرح محکمہ برقی، محکمہ پولیس کے علاوہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے بھی راستہ کی مکمل طور پر مسدودی کی مخالفت کی گئی تھی۔

چونکہ راستہ مکمل طور پر مسدود کئے جانے کی صورت میں ہنگامی حالات سے نمٹنا دشوارکن ہوتا ہے۔ پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کے بموجب علاقہ میں گاڑیوں کی آمد و رفت کو برقرار رکھنے کے لئے کوششیں کی گئی ہیں لیکن کوئی ثمرآور و نتیجہ خیز فیصلہ نہیں کیا جاسکا جس کی بنیادی وجہ فٹ پاتھ اور ٹھیلہ بنڈی رانوں کے کاروبار ہیں، راستہ بند نہ کئے جانے کی صورت میں اِن چھوٹے بیوپاریوں کے کاروبار متاثر ہونے کا خدشہ ہے اور اِس گہما گہمی میں ٹریفک کے نظم کو برقرار رکھنا انتہائی دشوارکن ہے۔ ماہ رمضان المبارک کے آخری ایام میں چھوٹے بیوپاریوں کے کاروبار عروج پر ہوتے ہیں، اِسی لئے اُن کے ساتھ عوامی ہمدردیوں کے ساتھ ساتھ محکمہ جاتی سطح پر ہمدردیاں ہوتی ہیں۔ مدینہ بلڈنگ، پتھرگٹی، گلزار حوض کے علاوہ چارمینار کے اطراف و اکناف کی تاجر برادری کا استدلال ہے کہ پولیس کے ان اقدامات سے تاجر برادری کو نقصان کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔