مدینہ ایجوکیشن سوسائٹی کے تعلیمی ادارہ جات کی کارکردگی برقرار رکھنے پر زور

حیدرآباد۔/17جنوری، ( سیاست نیوز) ریاستی اقلیتی کمیشن کے صدر نشین عابد رسول خاں نے کہا کہ مدینہ ایجوکیشن سوسائٹی کے تحت چلنے والے تعلیمی اداروں کی کارکردگی متاثر ہونے سے بچانے کیلئے وقف بورڈ کو اقدامات کرنے چاہیئے۔ وقف بورڈ نے مدینہ ایجوکیشن سوسائٹی کے تحت موجود اوقافی جائیدادوں کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے جس میں کئی تعلیمی ادارے کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کی اس کارروائی کے بعد تعلیمی اداروں کی کارکردگی متاثر ہونے کے بارے میں کئی افراد نے ان سے ربط پیدا کرتے ہوئے نمائندگی کی۔ اقلیتی کمیشن صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے اور وقفہ وقفہ سے اپنے نمائندہ کے ذریعہ رپورٹ حاصل کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر وقف بورڈ سے صورتحال کے بارے میں رپورٹ طلب کی جائے گی۔

انہوں نے بتایا کہ کمیشن کی اولین ترجیح یہ ہے کہ تعلیمی اداروں کی کارکردگی متاثر نہ ہو اور طلبہ کا مستقبل خطرہ میں نہ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں ہزاروں کی تعداد میں طلبہ زیر تعلیم ہیں اور وقف بورڈ کی ذمہ داری ہے کہ وہ معیار کی برقراری کے ساتھ تعلیم جاری رکھنے کے اقدامات کرے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ دو دن سے طلبہ کی تعلیم متاثر ہوئی ہے اور کئی اولیائے طلبہ نے ان سے اس سلسلہ میں مداخلت کی درخواست کی۔ صدر نشین اقلیتی کمیشن نے کہا کہ اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں کسی کو اختلاف نہیں ہوسکتا تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ تعلیمی اداروں کی کارکردگی متاثر نہ ہو اور طلبہ اور اولیائے طلبہ میں پائی جانے والی بے چینی کو دور کرنے کیلئے وقف بورڈ کو اقدامات کرنے چاہیئے۔

انہوں نے بتایاکہ ان جائیدادوں کے بارے میں کمیشن میں شکایت درج کی گئی تھی تاہم ہائی کورٹ میں یہ معاملہ زیر التواء ہونے کے سبب کمیشن نے اس کی سماعت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ اوقافی جائیدادوں کو تحویل میں لینے کے ساتھ ساتھ ان میں موجود تعلیمی اداروں کو بہتر انداز میں چلانے کیلئے وقف بورڈ کے اعلیٰ عہدیداروں کو توجہ دینی چاہیئے۔ اب جبکہ سالانہ امتحانات قریب ہیں تعلیم کے متاثر ہونے سے ہزاروں طلبہ کا مستقبل داؤ پر لگ جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر وقف بورڈ ان تعلیمی اداروں کا انتظام چلانے کیلئے کسی نگرانکار کمیٹی کا تقرر کرتا ہے تو اسے چاہیئے کہ اس کمیٹی میں ماہرین تعلیم، دانشور اور ملت کا درد رکھنے والی شخصیتوں کو شامل کرے تاکہ موجودہ معیار کے ساتھ تعلیمی اداروں کی کارکردگی جاری رکھنے کو یقینی بنایا جاسکے۔اسی دوران اسپیشل آفیسر وقف بورڈ شیخ محمد اقبال ( آئی پی ایس ) نے بتایا کہ وقف بورڈ اس بات کو یقینی بنائے گا کہ طلبہ تعلیم متاثر نہ ہونے پائے اور اس سلسلہ میں اولیائے طلبہ کو فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کی جانب سے ایک کمیٹی بہت جلد تشکیل دی جائے گی جس میں سماج کے مختلف گوشوں سے تعلق رکھنے والے افراد کو شامل کیا جائے گا جو تعلیمی اداروں اور دیگر انتظامی صلاحیتوں کے اہل ہیں۔