مدہول اور بھینسہ کی صورتحال پرامن، کشیدگی پر کنٹرول

حیدرآباد 9 فبروری ( پی ٹی آئی)ضلع عادل آباد میں فرقہ وارانہ طور پر حساس ٹاونس مدہول اور بھینسہ میں آج حالات پرامن رہے جہاں پولیس بدستور سخت چوکسی اختیار کررہی ہیں ۔ واضح رہے کہ ایک مذہبی مقام کی بے حرمتی کے بعد ان دونوں علاقوں میں زبردست کشیدگی پھیل گئی تھی۔ پولیس نے کہا ہے کہ مدہول میں ایک مذہبی عبادت گاہ کی جمعہ کی شب بے حرمتی کا واقعہ منظر عام پر آنے کے بعد دونوں ٹاونس میں گذشتہ روز زبردست کشیدگی پیدا ہوگئی تھی۔ بھینسہ کے ڈی ایس پی آر گریدھر نے ٹیلی فون پر کہا کہ صورتحال مکمل طور پر پرامن ہے۔ مسلحہ ریزرو فورس اور صریح الحرکت ٹیم کے دستے تعینات کرتے ہوئے سکیوریٹی میں اضافہ کیا گیا ہے اور یہ فورسیس حساس مدہول اور بھینسہ کے حساس مقامات پر گشت کررہے ہیں اور بعض مقامات پر پیکٹس تعینات کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ٹاونس میں آج تجارتی ادارہ جات کھلے رہے اور عوام کا کاروبار معمول کے مطابق جاری رہا ۔ ایک مخصوص طبقہ کے ارکان احتجاج کرتے ہوئے اس وقت سڑکوں پر نکل آئے تھے جب مذہبی مقام کی بے حرمتی کی اطلاع منظر عام پر آئی تھی۔ پولیس نے صورتحال پر فی الفور کنٹرول کرلیا تھا اور چند مشتبہ افراد کو واقعہ میں ان کے مبینہ رول پر حراست میں لے لیا گیا تھا ۔ ڈی ایس پی نے کہا کہ پولیس نے امن کمیٹیوں کا اجلاس منعقد کیا مزید مشتبہ افراد کو پکڑنے کیلئے پولیس کی دو ٹیمیں پڑوسی ریاست مہاراشٹرا کے دھرم آباد ٹاون کو روانہ کردی گئیں ہیں کیونکہ اس ٹاون میں بھی ایسا ہی واقعہ پیش آیا ہے۔ دوسرے پولیس عہدیداروں نے کہا کہ ’’ اس واقعہ کے ضمن میں چند مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے تاحال کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے‘‘۔