نئی دہلی۔19مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) مدھیہ پردیش کے وزیر فینانس جینت ملیا اور ان کی اہلیہ سدھا ملیا کو جبلپور۔ نظام الدین ایکسپریس ٹرین میں رہزنوں نے متھرا کے قریب نشانہ بناتے ہوئے ان کا سامان لوٹ لیا ۔ اس واقعہ کی ریلویز نے تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔ ریلوے ترجمان انیل سکسینہ کے مطابق تین آر پی ایف ارکان کو جو اس ٹرین میں تھے ‘معطل کردیا گیا ہے ۔ یہ جوڑا دہلی کیلئے دموھ اسٹیشن پر ٹرین میں سوار ہوا اور لٹیروں نے چلتی ٹرین کے اے سی کمپارٹمنٹ کو نشانہ بناتے ہوئے چاقو کی نوک پر طلائی چین ‘ انگوٹھی اور نقد رقم لوٹ لی ۔ سدھا ملیا نے پارلیمنٹ کے باہر اس ہولناک تجربہ کی یاد تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ ہم دہلی کیلئے جبلپور ۔ نظام الدین ایکسپریس میں سفر کررہے تھے ۔ ہم دموھ اسٹیشن پر ٹرین میں سوار ہوئے ‘ تقریباً چار بجے صبح کسی نے دروازہ کھٹکٹھایا اور جب انہوں نے دروازہ کھولا تو ایک شخص چاقو کے ساتھ اندر داخل ہوا ۔ اس کے ساتھ دیگر چار افراد بھی گھس آئے ۔سدھا رانی نے جو بی جے پی کارکن بھی ہیں بتایا کہ ڈاکوؤں نے پہلے ان کا پرس چھین لیا ‘ پھر چین اور انگوٹھی لے لی ۔ اس کے بعد ان کے شوہر کی پاکٹ میں موجود نقد رقم بھی نکال لی ۔ ان کے بائیں ہاتھ کی انگلی میں ایک انگوٹھی نہیں نکل رہی تھی جس پر ڈاکوؤں نے انگلی کاٹ دینے کی دھمکی دی ۔ ایک ڈاکو نے انگوٹھی نکالنے کی کوشش بھی کی لیکن کامیاب نہ ہوسکا ۔ انہوں نے بتایا کہ ڈاکوؤں نے ٹرین کے دیگر کمپارٹمنٹس کو بھی نشانہ بنایا ۔ آر پی ایف کی جوابی کارروائی کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا کہ آر پی ایف کی وجہ سے دیگر مسافرین محفوظ رہے ۔ ٹرین کو چین کھینچ کر روک دیا گیا تھا اور آر پی ایف کے پہنچنے تک ڈاکو فرار ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر ریلوے سریش پربھو سے ملاقات کر کے وہ اس واقعہ کی تفصیلات سے انہیں واقف کرائیں گے ۔ اس کے علاوہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ پرہلاد پاٹل نے یہ مسئلہ پارلیمنٹ میں اٹھایا ہے ۔