بی جے پی کے مطالبہ پر اقدام، خصوصی اجلاس طلب
بھوپال ؍ اندور ۔ 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کی جانب سے کانگریس حکومت کو اکثریت ثابت کردکھانے کے بی جے پی کے مطالبہ پر اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔ ریاستی وزیر عام انتظامیہ و پارلیمانی امور گووند سنگھ نے کہا کہ اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کی تیاری ہوچکی ہے۔ صرف تواریخ کا تعین باقی ہے۔ اسمبلی میں قائد اپوزیشن گوپال بھارگو نے گورنر ایم پی کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے مطالبہ کیا تھا کہ اہم مسائل جیسے زرعی قرضوں کی معافی اور حکومت کی طاقت کی آزمائش وغیرہ پر غور کرنے کیلئے اسمبلی کا ایک خصوصی اجلاس طلب کیا جائے۔ دریں اثناء اندور سے موصولہ اطلاع کے بموجب سابق چیف منسٹر مدھیہ پردیش بی جے پی کے سینئر قائد شیوراج سنگھ چوہان نے آج 29 لوک سبھا نشستوں پر بی جے پی کی کامیابی کی پیش قیاسی کرتے ہوئے چیف منسٹر کمل ناتھ سے کہا کہ وہ متعلقہ وزراء کے استعفے طلب کرنے کیلئے تیار رہیں۔ دریں اثناء کمل ناتھ نے دعویٰ کیا کہ ان کی مخلوط حکومت گذشتہ پانچ ماہ میں 4 مرتبہ اپنی اکثریت ثابت کرچکی ہے اور اب بھی اس کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی عدم استحکام کا تذکرہ کررہی ہے چنانچہ انہوں نے ان کے اس دعویٰ کی کہ کانگریس زیرقیادت حکومت ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے، حقیقت بے نقاب کرنے کیلئے ایوان اسمبلی میں فلورٹسٹ دینے کیلئے تیار ہے۔ کانگریس نے ضمنی بجٹ منظور کرلیا ہے اور باقاعدہ بجٹ ایوان میں پیش کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ گذشتہ سال اسمبلی انتخابات میں کانگریس نے ریاست کی 230 نشستوں میں سے 114 پر کامیابی حاصل کی تھی جو قطعی اکثریت سے ایک کم تھی۔ قائد اپوزیشن نے موجودہ لوک سبھا انتخابات اور ان کے بارے میں بیشتر ایگزٹ پولس کی پیش قیاسیوں کے پس منظر میں دوبارہ اکثریت کا ثبوت دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک مکتوب ریاستی گورنر کو روانہ کیا تھا جس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے چیف منسٹر کمل ناتھ نے بی جے پی کی کامیابی کی پیش قیاسیوں کو مسترد کرتے ہوئے فلورٹسٹ کیلئے اپنی آمادگی ظاہر کردی۔ تاہم تاریخ کا تعین ریاستی گورنر پر چھوڑ دیا گیا۔