مدھیہ پردیش میں پولیس کانسٹبلوں کے تقررات

درخواست گذاروں میں پی ایچ ڈی اور انجینئرس بھی شامل
بھوپال۔/28جون، ( سیاست ڈاٹ کام )مدھیہ پردیش میں 14,000 پولیس کانسٹبلوں کی جائیدادوں پر تقررات کیلئے9لاکھ سے زائد امیدواروں بشمول پی ایچ ڈی، پوسٹ گریجویٹ اور انجینئرنگ ڈگری رکھنے والوں نے درخواست دی ہے۔ مدھیہ پردیش پروفیشنل اگزامنیشن بورڈ کے اعداد و شمار کے مطابق9.24 لاکھ امیدواروں میں 1.19 لاکھ گریجویٹ 14.562 پوسٹ گریجویٹ، 9629 انجینئرس اور 12ڈاکٹر آف فلاسفی ( پی ایچ ڈی ) شامل ہیں جبکہ ان جائیدادوں کیلئے اقل ترین تعلیم ہائیر سکنڈری ہے لیکن یہ پہلا موقع ہے کہ پی ایچ ڈی اور انجینئرنگ کامیاب امیدواروں نے بھی پولیس میں بھرتی کیلئے دلچسپی ظاہر کی ہے۔ بورڈ کے ڈائرکٹر بھاسکر لکشکر نے آج یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ 17جولائی کو داخلہ امتحان منعقد ہوگا اور منتخبہ امیدواروں کو تقررات کے بعد بنیادی یافت 20ہزار روپئے تک ہوگی۔ گذشتہ سال بھی فارسٹ گارڈس ( ون رکھشک) کی جائیدادوں کیلئے 6.1لاکھ امیدواروں کے منجملہ12,000 انجینئروں نے درخواست دی تھی جبکہ 1.17لاکھ گریجویٹس، 23416 پوسٹ گریجویٹس، 34 پی ایچ ڈی شامل تھے۔