ایف آئی آر درج، نیوز چیانل ’’آج تک ‘‘کے جرنلسٹ کی میڈیکل رپورٹ کی وصولی
نئی دہلی ۔ 2 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام): نیوز چیانل ’آج تک ‘کے جرنلسٹ اکشے سنگھ کی پر اسرار حالت میں موت کی وجوہات کا پتہ چلانے کے لیے سی بی آئی نے ان کے خاندان سے میڈیکل رپورٹ حاصل کرلی ہے تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ متوفی جرنلسٹ کہیں کہنہ مشق امراض کا شکار تو نہیں تھا ۔ جس کی وجہ سے اس کی موت واقع ہوئی ہے ۔ سی بی آئی ذرائع نے بتایا کہ اکشے سنگھ کی میڈیکل رپورٹ جس نے ویاپم اسکام میں ماخوذ نمرتا دامور کے بارے میں نیوز چیانل پر بعض انکشافات کیے تھے ۔ میڈیکل بورڈ کو روانہ کردی گئی ہے تاکہ یہ پتہ چلایا جاسکے کہ وہ کسی خطرناک مرض کا شکار تو نہیں تھا جس کی وجہ سے اچانک موت واقع ہوئی ۔ سی بی آئی نے ایف آئی آر بھی درج کرلیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کیس کے سلسلہ میں نیوز چیانل کے عملہ سے بھی پوچھ تاچھ کی جائے گی کہ آیا انہوں نے کوئی ہدایت دی تو جس پر اکشے سنگھ عمل کررہا تھا ۔ تاہم طبی ماہرین کی رائے معلوم کرنے کے بعد ہی دوسرے پہلو سے تحقیقات شروع کی جائے گی ۔
آج تک کے جرنلسٹ نے نمرتا دامور کے بارے میں سنسنی خیز کہانی تیار کی تھی جس کی نعش اوجین میں ریلوے پٹریوں کے قریب دستیاب ہوئی تھی ۔ اس وقت یہ قیاس آرائی کی ویاپم اسکام کی بے قاعدگیوں میں ملوث اس لڑکی کی موت بھی ایک سازش کا نتیجہ ہے ۔ والدین سے انٹرویو کے بعد وہ ، لڑکی کے مکان کے باہر ڈھیر ہوگیا تھا ۔ یہ جرنلسٹ ان 35 افراد میں شامل ہوگیا جنہیں ویاپم اسکام سے راست یا بالراست وابستہ ہونے پر پر اسرار حالت میں موت کے گھاٹ اتار دیا گیا تھا ۔ ذرائع نے بتایا کہ پر اسرار موت کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہے اور اکشے سنگھ کیس کی بھی ابتدائی تحقیقات شروع کردی گئی ہے ۔ دامور کے والد مہتاب سنگھ نے بتایا کہ جرنلسٹ اکشے سنگھ اور دیگر 2 افراد 4 جولائی کی دوپہر جھبوا ضلع مدھیہ پردیش میں واقع ان کے مکان آئے تھے ۔ اور ان کا انٹرویو ختم ہوتے ہی ایک شخص بعض کاغذات کی زیراکس کاپیاں حاصل کرنے کے لیے اچانک وہاں پہنچا ۔ اس وقت اکشے مکان کے باہر انتظار میں تھا کہ اس کے منہ سے جھاگ نکلنا شروع ہوگیا ۔ انہیں فی الفور خانگی ہاسپٹل سے رجوع کرنے پر ڈاکٹروں نے مردہ قرار دیا ۔ سی بی آئی نمرتا دامور کے موت کی بھی تحقیقات کرے گی اور ان ڈاکٹروں سے پوچھ تاچھ کی جائے گی جنہوں نے پوسٹ مارٹم کی متضاد رپورٹس دی ہیں ۔