کھنڈوا ۔ 8 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے ضلع کھنڈوا میں زبردست بارش سے کم از کم 6 افراد ہلاک ہوگئے ۔ انتظامیہ نے صلع میں سخت چوکسی کا اعلان کردیا اور سرکاری و خانگی اسکول کو تعطیل دیدی۔کھنڈوا کے کلکٹر ایم کے اگروال نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھنڈوا ضلع میں زبردست بارش کی وجہ سے 6 انسانی جانیں ضائع ہوچکی ہیں ۔ ایک شخص اب بھی لاپتہ ہے۔ تین افراد دیہات ، مانجھا گڑھ کے قریب تیز رفتار نالے کے پانی بہہ گئے جو اپنے کناروں کو توڑ کر بہہ رہا تھا۔ بعد ازاں ان میں سے دو کی نعشیں دستیاب ہوگئیں ، جن کی شناخت پریمو اور صادق کی حیثیت سے کی گئی۔ تیسری نعش کی تلاش جاری ہے۔ اس لاپتہ ہوجانے والے شخص کا نام اشیش ہے۔ اسی طرح دو افراد کھنڈوا۔ مونڈی روڈ دیہات سنہادا کے قریب سیلابی پانی میں بہہ گئے۔ کلکٹر نے کہا کہ ان کی شناخت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ دیگر دو افراد وکی اور ابھیشک بھی آدرش نگر کے علاقہ میں اپنی قیامگاہوں پر زبردست بارش کی وجہ سے ہلاک ہوگئے۔ تین مہلوکین کی عمر کا ہنوز پتہ نہیں چل سکا۔ تاہم یہ تمام بالغ افراد تھے۔ دریں اثناء زبردست بارش سے کئی علاقوں میں معمولاتِ زندگی متاثر ہوئے۔ کھنڈوا اور اٹارچی کے درمیان ریلوے پٹری زیر آب آجانے سے ریلوے ٹریفک متاثر ہوئی۔