مدھیہ پردیش میں تاریخی سیاحتی پراجکٹس کے اقدامات

حیدرآباد میں سیاحتی روڈ شو سے تنوی سندریال کا خطاب

حیدرآباد ۔ 25 جون (سیاست نیوز) حکومت مدھیہ پردیش ریاست میں مختلف سیاحتی پراجکٹس کے فروغ کیلئے مختلف پالیسیوں کو مرتب کررہی ہے۔ یہاں حیدرآباد میں مدھیہ پردیش میں سیاحتی پراجکٹس کے تئیں منعقد کردہ روڈ شو سے ایڈیشنل ایم ڈی مدھیہ پردیش ٹورازم مس تنوی سندریال نے خطاب کرتے ہوئے مدھیہ پردیش میں تاریخی اوم کاریشور مندر، بھوپال اور برہانپور آرکٹیکچر کے بشمول تاریخی ورثہ پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا ریاست مدھیہ پردیش میں مالوا اور نمر علاقے کاٹن ملبوسات پر ہاتھ کی کاریگری جیسے باغ پرنٹ اور چندہری سے مشہور ہیں۔ انہوں نے مدھیہ پردیش میں تین تاریخی سیاحتی پراجکٹس کی بات بتاتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں عملی اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدھیہ پردیش کے بندھ گڑھ اور کانہا نیشنل پارک کے مسافرین کیلئے ٹائیگر ٹرین اکٹوبر 2016 سے آعاز ہوجائے گا۔ یہ ٹرین دہلی سے چلائی جائے گی جس کو مدھیہ پردیش نیشنل پارک پہنچنے تک 5 راتیں اور 6 دن لگیں گے۔ تنوی سندریال نے یہاں اخباری نمائندوں کو بتایا کہ اس ٹرین میں ہر سفر میں سو افراد کی گنجائش ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست حکومت سیاحت کے فروغ کیلئے اراضی الاٹمنٹ اور تاریخی ورثہ پراجکٹس پالیسیوں کو مرتب کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کام کیلئے خانگی شراکت داری بھی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاریخی ورثہ  پالیسی کے تحت تاج محل پیالیس بھوپال، گوند گڑو قلعہ ریوا اور مادھو گڑھ قلع ضلع تنا کو تاریخی ہوٹلوں میں ہی پی پی پی ماڈل کے تحت تبدیل کیا جائے گا۔