مدھیہ پردیش میں ایک جرنلسٹ نذر آتش

بالا گھاٹ ( مدھیہ پردیش ) ۔ 22 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ایک مقامی جرنلسٹ سندیپ کوٹھاری کے افراد خاندان نے جسے ریت مافیا سے وابستہ 3 مشتبہ افراد نے زندہ جلادیا تھا ۔ اس کیس میں مزید 6 افراد کی گرفتاری تک آخری رسومات انجام دینے سے انکار کردیا ۔ پولیس نے بتایا کہ قتل کیس کے سلسلہ میں2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے ۔ جب کہ 40 سالہ جرنلسٹ کی نعش آج صبح 5 بجے وردھا ( مہاراشٹرا ) سے کٹنگی ٹاون بالا گھاٹ لائی گئی ۔ پولیس نے بتایا کہ کوٹھاری کے افراد خاندان کو کل شب واردھا میں ان کی نعش حوالے کردی گئی تھی ۔ جب کہ جنرل ہاسپٹل واردھا میں جرنلسٹ کی نعش کا پوسٹ مارٹم کیا گیا ۔ پولیس کی ایک خصوصی ٹیم ملزمین کی تلاش اور تحقیقات میں مصروف ہے ۔ پولیس نے اپنی حفاظت میں بالاگھاٹ تک نعش پہنچائی جسے کٹنگی میں متوفی کے افراد خاندان نے اثر و رسوخ رکھنے والے تمام ملزمین کو گرفتار کا مطالبہ کیا ہے ۔ تاہم جرنلسٹ کے والدین پرکاش چند کوٹھاری اور کنچن دیوی نے بتایا کہ قتل کے پس پردہ محرک مزید 6 افراد کی گرفتاری تک وہ اپنے فرزند کی آخری رسومات انجام نہیں دیں گے ۔ پولیس نے بتایا کہ ریت مافیا سے وابستہ 3 افراد نے اس وقت آگ لگادی جب اس نے عدالت میں ان کے خلاف دائر کیس سے دستبرداری سے انکار کردیا ۔ سندیپ کا 3 دن قبل کٹنگی تحصیل سے اغواء کرلیا گیا تھا اس کی جلی ہوئی نعش ہفتہ کی شب سندھی ٹاون ضلع واردھا میں ریلوے پٹریوں کے قریب دستیاب ہوئی تھی ۔ تاہم ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس نیراج سونی نے بتایا کہ ایک عصمت ریزی کیس میں کوٹھاری گذشتہ دو ماہ سے ضمانت پر ہے ۔۔