مدھیہ پردیش سے 3200 عازمین حج کی روانگی

اندور۔/25ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) مدھیہ پردیش سے جاریہ سال حج بیت اللہ کے لئے کم و بیش 3250 عازمین کیلئے خصوصی 13فلائٹس چلائی جائیں گی۔ دریں اثناء مدھیہ پردیش ریاستی حج کمیٹی کے صدر حاجی عنایت حسین قریشی نے توثیق کرتے ہوئے کہا کہ جاریہ سال ریاست سے جملہ 3250 عازمین 13خصوصی طیاروں کے ذریعہ مکۃ المکرمہ کا سفر کریں گے جن کی روانگی اندور اور بھوپال ایر پورٹس سے ہوگی۔ اندور اور بھوپال سے جدہ کیلئے خصوصی فلائیٹس کا سلسلہ 29ستمبر تک جاری رہے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب تک اندور سے تین طیاروں کے ذریعہ 699 عازمین اور بھوپال سے دو خصوصی طیاروں کے ذریعہ 233 عازمین جدہ پہنچ چکے ہیں۔ مسٹر قریشی نے کہا کہ اندور

اور بھوپال کے علاوہ ریاست سے ہی تعلق رکھنے والے دیگر 115 عازمین 29ستمبر کو ممبئی سے بذریعہ طیارہ روانہ ہوں گے۔ جہاں عازمین کو اپنا تعاون پیش کرنے کیلئے مدھیہ پردیش حج کمیٹی کے نمائندے موجود ہوں گے۔ طیاروں کی پرواز میں تاخیر سے پیدا ہونے والے مسائل کے بارے میں انہوں نے کہا کہ کمیٹی اس معاملہ پر مرکزی حج کمیٹی اور ایر انڈیا سے تفصیلی بات چیت کرے گی۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ مدھیہ پردیش سے جاریہ سال حج کی خصوصی پروازوں کا آغاز 25ستمبر سے ہوا۔ جملہ 13 پروازوں میں سے آٹھ پروازیں اندور اور پانچ پروازیں بھوپال سے چلائی جائیں گی۔