بھوپال ، 23 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کی اسمبلی میں آج کانگریس کے سندرلال تیواری نے ویاپم معاملے میں آنے والے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کا معاملہ اٹھاتے ہوئے حکومت سے پوچھا کہ وہ اس سے متاثر لوگوں کے سلسلے میں کیا کارروائی کررہی ہے ۔وقفہ صفر کے دوران تیواری نے یہ معاملہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ عدالت نے 600 سے بھی زائد طلبا کے داخلے منسوخ کرنے کا فیصلہ سنایا ہے ۔ حکومت ان لوگوں کے سلسلے میں کیا کارروائی کررہی ہے۔ تیواری نے کہا کہ انہوں نے اس بارے میں تحریک التوا کا نوٹس دیا ہے ۔ ا س کا جواب دیتے ہوئے اسپیکر سیتارمن شرما نے تحریک التوا پر غور کرنے کی بات کہی۔خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے گذشتہ دنوں ویاپم اسکام معاملے میں ہائیکورٹ کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے میڈیکل کے 634 طلبا کا داخلہ منسوخ کئے جانے کا فیصلہ سنایا ہے ۔