نئی دہلی : انتخابی جائزہ ’’اے بی پی نیوز ۔سی ووٹرس ‘‘ میں بتایا گیا ہے کہ ممکن ہے کہ مدھیہ پردیش ، راجستھان اورچھتیس گڑھ میں بی جے پی اقتدار سے محروم ہوجائے گی ۔جائزے میں کہا گیا ہے کہ راجستھان میں اپوزیشن خاصی مضبوط ہے او روہاں پارٹی کے ریاستی صدر سچن پائیلٹ وزیر اعلی کے عہدہ کیلئے اولین پسند ہیں ۔مذکورہ بالا جائزہ میں واضح کیا گیا ہے کہ مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ میں ۱۵؍ برس کے وقفہ کے بعد کانگریس اقتدار پر واپس آسکتی ہے ۔ اور راجستھان میں بھی کانگریس کے اچھے دن آنے کے امکانات ہیں ۔ حالانکہ بی جے پی نے اعتماد ظاہر کیا کہ مدھیہ پردیش ، چھتیس گڑھ او رراجستھان میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں ہم زبر دست کامیابی حاصل کریں گے ۔
اسی دوران بی جے پی کے سینئر لیڈر اور وزیر قانون روی شنکر نے کہا کہ محنت ، ترقیاتی کاموں اور سرکاری کارکردگی کی بنیاد پر ہم تینوں ریاستوں میں زبردست کامیابی حاصل کریں گے ۔ سروے میں مزید بتایا گیا کہ راجستھان میں وزیر اعلی کے عہدہ کیلئے ۳۶؍فیصد سچن پائلٹ کو ترجیح دے رہے ہیں ۔ سروے کے مطابق راجستھان کے سابق وزیر اعلی اور کانگریسی لیڈر اشوک گہلوٹ کو عوام پسند کرنے لگے ہیں ۔ اور عوام انہیں وزیر اعلی کے عہدہ پر دیکھنا چاہتے ہیں ۔
یاد رہے کہ مذکورہ بالا تینوں ریاستوں میں ۲۰۱۳ ء کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوئی تھی ۔ الیکشن کمیشن نے ان تین ریاستوں کے علاوہ تلنگانہ میں بھی انتخابات منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے ۔