حیدرآباد۔ 9 جون (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی کے پہلے اسپیکر کی حیثیت سے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کے بااعتماد رفیق مدھوسدن چاری کا انتخاب یقینی ہے۔ اسپیکر کے انتخاب کے لئے آج لیجسلیچر سیکریٹریٹ نے اعلامیہ جاری کیا جس کے بعد ٹی آر ایس امیدوار کی حیثیت سے مدھوسدن چاری نے پرچۂ نامزدگی داخل کیا۔ پرچۂ نامزدگی کے ادخال کے موقع پر چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ، ریاستی وزراء کے علاوہ مختلف اپوزیشن جماعتوں کے قائدین موجود تھے۔ شام تک کوئی دوسرا پرچۂ نامزدگی داخل نہیں کیا گیا لہذا اس عہدہ کیلئے مدھوسدن چاری کا انتخاب یقینی ہوچکا ہے، تاہم انتخاب کا باقاعدہ اعلان کل منگل کے دن ایوان میں کیا جائے گا۔ مدھوسدن چاری تلنگانہ تحریک کے دوران چندر شیکھر راؤ کے مشیر تھے اور حالیہ انتخابات میں وہ منتخب ہوئے۔ 119 رکنی اسمبلی میں ٹی آر ایس کے ارکان کی تعداد 63 ہے۔ منگل کے دن 11 بجے عبوری اسپیکر جانا ریڈی، نئے اسپیکر کے انتخاب کا اعلان کریں گے جس کے بعد مدھوسدن چاری اسپیکر کی کرسی سنبھال لیں گے۔