مدورائی میں شدید بارش، پانی کی قلت سے راحت

مدورائی ۔ 7 ۔ مئی )(سیاست ڈاٹ کام) ٹیوٹی کورین ، ٹرینلویلی اور کنیا کماری اضلاع میں موجود کئی آبی ذخائر کی سطح میں گزشتہ شب سے جاری بارش کی وجہ سے قابل لحاظ اضافہ ہوا ہے جن میں پاپاناسم اور سروالارو ڈیمس بھی شامل ہیں، عہدیداروں کے مطابق مغربی گھاٹ میں ڈیمس کے علاقوں میں گزشتہ شب سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کی وجہ سے سیاحوں کی توجہ کا مرکز کوٹرالام آبشار اور دیگر آبشاروں کے نیچے سیاحوں کے نہانے پر امتناع عائد کردیا گیا ہے ۔ پانچ گھنٹوں سے جاری مسلسل بارش کی وجہ سے پانی کے بہاؤ میں کافی تیزی آگئی ہے جس سے آبشاروں میں نہانے والے سیاحوں کی جان کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے ۔ محکمہ زراعت کے عہدیداروں نے بارش کو ’’تاریخی ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس خطہ میں گزشتہ دو ماہ سے لوگ شدید گرمی اور پانی کی قلت سے پریشان تھے ۔ بارش نے انہیں راحت فراہم کی ہے۔