عیسائی مذہب قبول کرانا اصل مقصد تھا : موہن بھاگوت
بھرت پور ۔23 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) مدر ٹریسا کی غریب عوام کیلئے خدمات کے پس پردہ اصل مقصد عیسائی مذہب قبول کرانا تھا ، آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے آج یہ بات کہی ۔انھوں نے این جی او اپنا گھر کی جانب سے منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدر ٹریسا کی خدمات اچھی ہیں لیکن انھوں نے ایک اور مقصد کے تحت یہ کام کیا تھااور وہ یہ تھا کہ جس کسی کی وہ خدمت کریں انھیں عیسائی بنادیا جائے ۔ انھوں نے کہا کہ یہاں سوال مذہبی تبدیلی کا نہیں ہے لیکن عوامی خدمت کے نام پر ایسا کیا جائے تو پھر اس خدمت کی کوئی وقعت نہیں رہے گی ۔ انھوں نے کہا کہ این جی او اپنا گھر جو کام کررہی ہے اُس کا مقصد صرف غریب و بے یار و مددگار عوام کی خدمت ہے ۔