مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے لیے کابینی ذیلی کمیٹی

امتحانات کا طریقہ کار طئے کیا جائے گا ، تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کی بھی تجاویز پیش
حیدرآباد۔/16جون، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے مختلف محکمہ جات میں مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے عمل میں تیزی پیدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلہ میں حکومت نے امتحانات کی اسکیم کی تیاری کیلئے کابینی سب کمیٹی تشکیل دی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر تعلیم کڈیم سری ہری کی صدارت میں چار رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما نے آج اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے۔ مختلف محکمہ جات میں تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کے ذریعہ تقررات کے سلسلہ میں حکومت نے ماہرین سے رپورٹ طلب کی تھی۔ اس کے علاوہ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے بھی حکومت کو بعض تجاویز پیش کی۔ مختلف محکمہ جات کے سکریٹریز کی جانب سے بھی حکومت نے رپورٹ طلب کی۔ ان تمام تجاویز اور رپورٹس کا جائزہ لیتے ہوئے مختلف عہدوں پر تقررات سے متعلق امتحانات کی اسکیم تیار کرنے کیلئے کابینی سب کمیٹی تشکیل دی گئی۔ وزیر صحت و طبابت اور وزیر زراعت و ہارٹیکلچر اس کمیٹی کے ارکان ہوں گے۔ شریمتی راجیو آر آچاریہ پرنسپال سکریٹری محکمہ تعلیم کابینی سب کمیٹی کی کنوینر ہوں گی۔ بتایا جاتا ہے کہ کابینی سب کمیٹی مختلف رپورٹس اور تجاویز کا جائزہ لیتے ہوئے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے طریقہ کار کو طئے کرے گی۔ حکومت ایک لاکھ سے زائد مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کا وعدہ کرچکی ہے تاہم پہلے مرحلہ میں 25ہزار جائیدادوں پر تقررات کا عمل شروع کیا جائے گا۔ تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن بھی اپنے طور پر تقررات کے سلسلہ میں تیاریوں کا آغاز کرچکا ہے۔