مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے اقدامات

محکمہ صحت پر خصوصی توجہ ،سرکاری ہاسپٹلس کی حالت بہتر بنانے کا منصوبہ
حیدرآباد 5 اکٹوبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں مخلوعہ عہدوں پر تقررات کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے متعدد اقدامات کئے جانے کا امکان ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت محکمہ صحت میں موجود مخلوعہ جائیدادوں پر فوری طور پر تقررات کو یقینی بنانے کے متعلق امکانات کا جائزہ لے رہی ہے ۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے کنٹراکٹ اساس پر خدمات انجام دینے والے ملازمین کی خدمات کو مستقل بنانے کا اعلان کردیا گیا ہے لیکن اس کے باوجود بھی کئی محکمہ جات میں اب بھی ہزاروں عہدوں پر تقررات کیا جانا باقی ہے ۔ محکمہ صحت کے ذرائع کے بموجب حکومت نے مخلوعہ جائیدادوں کی تفصیلات طلب کرلی ہے اور بتایا جاتا ہے کہ اندرون چند ماہ حکومت ان مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے سلسلہ میں اعلامیہ کی اجرائی کا منصوبہ تیار کررہی ہے ۔ محکمہ صحت میں زائد از 3500 ملٹی پرپز ہیلت اسسٹنٹ کی جائیدادیں مخلوعہ ہیں جن پر تقررات ناگزیر ہیں۔ اسی طرح کئی ڈاکٹرس بالخصوص اسپیشیلسٹ کے عہدے بھی مخلوعہ ہیں جن پر حکومت کی جانب سے تقررات کے متعلق غور کیا جارہا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ سرکاری دواخانوں کے علاوہ اربن ہیلت پوسٹ مراکز پر عملہ کی عدم موجودگی کے سبب حکومت کو جو پشیمانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اس سے نجات حاصل کرنے کیلئے حکومت اس سلسلہ میں سنجیدہ اقدامات کا ارادہ رکھتی ہے ۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاع کے بموجب حکومت کی جانب سے اس بات کا بھی جائزہ لیا جارہا ہے کہ کن عہدوں پر پبلک سرویس کمیشن کے بغیر فوری تقررات عمل میں لائیں جاسکتے ہیں۔ علاوہ ازیں پبلک سرویس کمیشن کی جانب سے کئے جانے والے تقررات کی جائیدادیں جو مخلوعہ ہیں ان پر عارضی تقررات کو یقینی بناتے ہوئے سرکاری دواخانوں کی حالت بہتر بنانے کیلئے منصوبہ تیار کیا جارہا ہے ۔ شہر کے علاوہ دیہی علاقوں میں موجود انتہائی ابتر صحت عامہ کی نگہداشت کیلئے تعمیر کئے گئے دواخانوں اور ہیلت پوسٹ کی خدمات کو وسعت دینے کے متعلق بھی حکومت غور کررہی ہے ۔ نوجوان حکومت کی جانب سے 3500 ملٹی پرپز ہیلت اسسٹنٹ کی جائیدادوں پر تقررات کے دوران غفلت کا شکار نہ رہیں بلکہ ان عہدوں کیلئے درخواستیں دائر کرتے ہوئے مسابقتی میدان میں اپنی صلاحیتوں کو پیش کرتے ہوئے سرکاری ملازمت کے حصول کو یقینی بنائیں ۔