عہدیداروں کی تساہلی پر چیف منسٹر کے سی آر برہم
حیدرآباد 29 اگسٹ (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر نے مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کیلئے مختلف محکمہ جات کی جانب سے مخلوعہ جائیدادوں کی فہرست تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کو ارسال کرنے میں تساہل برتنے پر برہمی کا اظہار کیا۔ چیف سکریٹری کو محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں سے تبادلہ خیال کرنے کی ہدایت دی۔ واضح رہے کہ یوم آزادی تقاریب کے موقع پر قلعہ گولکنڈہ سے خطاب کرتے ہوئے جاریہ سال بڑے پیمانے پر تقررات کرنے کا چیف منسٹر نے اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد فوری دوسرے دن اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کرتے ہوئے ان کے وعدے کو عملی جامہ پہنانے کی ہدایت دی۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ریاست کے مختلف محکمہ جات میں پائی جانے والی مخلوعہ جائیدادوں کی فہرست ابھی تک تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کو نہیں پہونچی۔ جس کا علم ہونے کے بعد چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ نے اس مسئلہ پر چیف سکریٹری ایس پی سنگھ سے بات چیت کی اور انھیں مشورہ دیا کہ وہ مختلف محکمہ جات کے سکریٹریز و پرنسپل سکریٹریز سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے مخلوعہ جائیدادوں کی فہرست جلد از جلد تلنگانہ پبلک سرویس کمیشن کو روانہ کرنے کے اقدامات کریں۔