مالکین مکانات کو جی ایچ ایم سی سے نوٹس کی اجرائی
حیدرآباد ۔24جون(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے مخدوش عمارتو ںکو منہدم کرنے کی مہم میں شدت پیدا کی جا رہی ہے اور آئندہ چند یوم کے دوران مخدوش عمارتوں کے انہدام کو مزید تیز کردیا جائے گا۔ جی ایچ ایم سی کی جانب سے شہر میں مخلوعہ مخدوش عمارتوں کے انہدام کے ساتھ ساتھ ان عمارتوں کو بھی منہدم کرنے کے لئے نوٹسیں جاری کی جانے لگی ہیں جن عمارتو ںمیں لوگ اب تک قیام پذیر ہیں اور تخلیہ کرنے سے انکار کررہے ہیں۔ کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد ڈاکٹر بی جنار دھن ریڈی کے مطابق جبری تخلیہ کے بجائے مکینوں کو خطرہ سے واقف کروانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور انہیں تخلیہ کرنے یا مرمت کرنے کا موقع فراہم کیا جا رہاہے ۔ جاریہ سال کے دوران جی ایچ ایم سی کی جانب سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق 256 مخدوش عمارتوں کو منہدم کیا جاچکا ہے اور آئندہ ایک ہفتہ کے دوران مزید85عمارتوں کو منہدم کرنے کا نشانہ ہے۔ عہدیدارو ںنے بتایا کہ مخدوش عمارتوں کے انہدام کے ساتھ ساتھ شہر میں نالوں پر کئے جانے والے قبضہ جات کو برخاست کرنے کی مہم میں بھی شدت پیدا کردی گئی ہے اور جن لوگوں کو نوٹسیں جاری کی جاچکی تھیں انہیں مطلع کرتے ہوئے قبضہ جات کو برخاست کروانے کے سلسلہ میں پیشرفت کی جا رہی ہے تاکہ موسم باراں کے دوران پانی کے بہاؤ میں کسی قسم کی کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو بلکہ سال گذشتہ سے جاری مانسون کے دوران پانی کے بہاؤمیں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کو دور کرنے کی کوششوں کے مثبت نتائج برآمد ہوسکیں۔