حیدرآباد۔/2 جون، ( سیاست نیوز) یوم تاسیس تلنگانہ کے موقع پرتلنگانہ پبلک سرویس کمیشن نے گروپ IV ، وی آر او اور اے ایس او زمرہ جات کی 2786 جائیدادوں پر تقررات کیلئے اعلامیہ جاری کیا ہے۔ مختلف محکمہ جات بشمول ریونیو ڈپارٹمنٹ میں ریونیو، پنچایت راج، کمرشیل ٹیکس، فاریسٹ، ہوم ، ڈیزاسٹر ریسپانس، فائر سرویسس اور میڈیکل اینڈ ہیلت میں گروپ IV کی 1521 جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ریونیو ڈپارٹمنٹ میں ولیج ریونیو آفیسرس کی 700، ڈائرکٹوریٹ آف اکنامک اینڈ اسٹائسٹکس میں منڈل پلاننگ اینڈ اسٹاٹیسٹکل آفیسر کی 474 جائیدادیں، ریونیو میں سینئر اسٹینو گرافرس کی 13 اور وزارت داخلہ میں اسٹینو گرافرس کی 6 جائیدادوں پر تقررات کیلئے اعلامیہ جاری کیا گیا ہے۔ آر ٹی سی میں 72 جائیدادوں پر تقررات کئے جائیں گے جن میں جونیر اسسٹنٹ ( پرسونل ) اور جونیر اسسٹنٹ (فینانس ) شامل ہیں۔ پبلک سرویس کمیشن نے31 مئی تک 32733 جائیدادوں پر تقررات کیلئے 83 اعلامیے جاری کئے اور 11629 جائیدادوں پر تقررات کا عمل مکمل کرلیا گیا۔ مزید 20798 جائیدادوں پر تقررات کے امتحانات کے نتائج جلد جاری کئے جائیں گے۔