مختلف محکمہ جات میں ہزار سے زائد جائیدادوں پر تقررات

حکومت سے منظوری ، عنقریب اعلامیوں کی اجرائی
حیدرآباد /2 مئی ( سیاست نیوز ) ریاستی حکومت نے مختلف محکمہ جات میں مخلوعہ 1,062 جائیدادوں پر تقررات کیلئے ہری جھنڈی دکھادی ہے ۔ جن میں سے 960 جائیدادیں مختلف اقامتی اسکولس و کالجس میں اساتذہ اور لکچررس کی ہیں اور ان جائیدادوں پر تقررات کیلئے محکمہ فینانس کے چیف سکریٹری این شیوا شنکر نے منگل کے دن احکامات جاری کردئے ہیں کیونکہ حکومت نے تلنگانہ سوشیل ویلفیر ریسیڈنشیل ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشن سوسائٹی ( ٹی ایس ڈبلیو آر ای آئی ایس ) کے تحت مخلوعہ 960 لکچررس اور ٹیچرس کے تقررات کرنے سے متعلق احکامات جاری کئے تھے اور ان تقررات کی ذمہ داری پہلی مرتبہ ٹی آر ای ٹی آر بی کے حوالے کی گئی ہے۔ واضح ہوکہ اقامتی تعلیمی اداروں میں تقررات کی ذمہ داری نبھانے کیلئے حالیہ دنوں میں ہی اسے تشکیل دیا گیا ہے اور اس طرح شیڈول کا سٹ کی ترقی کے شعبہ میں بھی 30 جائیدادوں پر تقررات کی اجازت دی گئی ہے ۔ جن میں سے ضلعی دفاتر میں 17 جونئیر اسسٹنٹ ، اسسٹنٹ سوشیل ویلفیر آفیسرس کے دفاتر میں 11 جونئیر اسسٹنٹ کم ٹائپسٹ اور آنند نیلائم میں مزید دو جونئیر اسسٹنٹ کم ٹائپسٹ کی جائیدادیں ہیں اور مذکورہ جائیدادوں کو ٹی ایس پی ایس سی کے ذریعہ بھرتی کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے ۔ اور اس طرح محکمہ داخلہ میں مخلوعہ 73 جائیدادوں پر تقررات کا بھی حکم دیا گیا ہے ۔ محکمہ داخلہ کے تحت تلنگانہ اسٹیٹ پولیس ہاوزنگ کارپوریشن مذکورہ جائیدادوں پر تقررات کرے گا جن میں 41 اسسٹنٹ ایگزیکیٹیو انجینئرس اور 32 جونئیر اسسٹنٹ کی جائیدادیں ہیں ۔ ریاستی محکمہ فیاکٹریز کے شعبہ شوگر اینڈ کین کمشنریٹ میں مخلوعہ 6 جائیدادوں پر بھی تقررات کی اجازت دی گئی ہے ۔ جن میں ایک سینئیر اسٹینوگرافر اور 5 جونئیر اسسٹنٹ کی جائیدادیں ہیں تو کوآپریٹیو سوسائٹی رجسٹرار میں مخلوعہ 3 جائیدادوں پر بھی تقررات کئے جائیں گے اور ان جائیدادوں پر ٹی ایس پی ایس سی تقررات کرے گا ۔