نامپلی حلقہ اسمبلی میں فیروز خاں کے حق میں عوام کی غیر معمولی تائید
حیدرآباد۔/10اپریل، ( سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی نامپلی سے تلگودیشم امیدوار محمد فیروز خاں کے حق میں زبردست عوامی تائید دیکھی جارہی ہے۔ پرچہ نامزدگی کے ادخال کے بعد سے اگرچہ انہوں نے باقاعدہ انتخابی مہم کا آغاز نہیں کیا لیکن حلقہ کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے مختلف طبقات کی ذی اثر شخصیتیں اُن سے ملاقات کرتے ہوئے تائید کا اعلان کررہی ہیں۔ بلالحاظ مذہب و ملت رائے دہندوں اور بالخصوص نوجوانوں نے واضح کردیا کہ وہ پارٹی کی بنیاد پر نہیں بلکہ فیروز خاں کی عوامی خدمات کی بنیاد پر ان کی تائید کریں گے۔ مختلف رضاکارانہ تنظیموں سے تعلق رکھنے والے قائدین نے فیروز خاں سے ملاقات کی اور تائید کا یقین دلایا۔ محمد فیروزخاں کل11 اپریل سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔ وہ مہدی پٹنم سے پدیاترا کے ذریعہ عوام سے گھر گھر پہنچ کر ملاقاتیں کریں گے۔ وہ ملے پلی، مراد نگر، آصف نگر، احمد نگر، چنتل بستی، ریڈ ہلز اور وجئے نگر کالونی علاقوں کا احاطہ کرتے ہوئے انتخابی مہم چلائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی امیدواری سے عوام میں کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے اور عوام کو امید ہے کہ ان کے منتخب ہونے کے بعد نہ صرف نامپلی اسمبلی حلقہ کی ترقی ہوگی بلکہ عوام کے تعلیمی اور معاشی مسائل بھی حل ہوں گے۔ فیروز خاں نے کہا کہ عوام کو احساس ہے کہ کانگریس پارٹی نے مقامی جماعت کے دباؤ کے تحت ٹکٹ سے انکار کرتے ہوئے ناانصافی کی ہے۔ گذشتہ انتخابات میں معمولی ووٹوں کے فرق سے شکست کے بعد بھی فیروز خاں نے جو عوامی خدمات کا سلسلہ جاری رکھا اس سے رائے دہندے کافی متاثر ہیں۔ علاقے کے رائے دہندوں کو یقین ہے کہ ان کے مسائل کی یکسوئی کیلئے فیروز خاں کا منتخب ہونا ضروری ہے۔ عوام ایک مرتبہ فیروز خاں کو رکن اسمبلی کی حیثیت سے منتخب کرنے کا تہیہ کرچکے ہیں۔سلم علاقوں سے تعلق رکھنے والے رائے دہندوں کی کثیر تعداد بھی فیروز خاں سے ملاقات کرتے ہوئے تائید کا اظہار کررہی ہے۔انتخابی مہم کے دوران وہ عام جلسوں سے زیادہ عوام سے گھر گھر پہنچ کر ملاقات کو ترجیح دیں گے اور روزانہ پانچ تا چھ علاقوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف علاقوں کے رائے دہندے ان کے علاقوں میں پدیاترا کیلئے اصرار کررہے ہیں۔ تعلیم یافتہ نوجوان طبقہ میں تبدیلی کی لہر ہے۔ حلقہ میں ٹی آر ایس، تلگودیشم اور کانگریس سے وابستہ کیڈر بھی فیروز خاں کے حق میں مہم چلانے کی تیاری کررہا ہے۔