’’مختلف صدور ہند نے 306 مجرمین کو پھانسی کے پھندہ سے بچایا ‘‘

نئی دہلی ۔ یکم سپٹمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک میں سزائے موت کے 437 مجرمین کے منجملہ 306 مجرمین کی درخواست رحم پر صدور ہند کی جانب سے غور کے بعد ان کی سزاؤں میں کمی کی گئی ہے ۔ لاء کمیشن کی طرف سے جاری اعداد کے مطابق 26 جنوری 1950 ء سے تاحال صدور ہند کو 437 درخواست رحم موصول ہوئی تھیں۔ جن کے منجملہ 306 مجرمین کی سزاؤں میں کمی کرتے ہوئے انھیں پھانسی کے پھندے سے بچالیا گیا۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 26 جنوری 1950 ء سے تاحال صرف 131 درخواست رحم مسترد کی گئیں۔ بالعموم دہشت گردی اور ملک کے خلاف لڑائی جیسے جرائم کے مرتکب مجرمین کی درخواست رحم کو قبول نہیں کیا جاتا ۔ رپورٹ میں یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ 1950 تا 1982چھ صدور اس جلیل القدر منصب پر فائز رہے لیکن اس مدت کے دوران سزائے موت پانے والے 262 مجرمین کی درخواست رحم موصول ہوئیں اور صرف ایک درخواست رحم مسترد کی گئی ۔ ماباقی تمام مجرمین کی سزاء میں کمی کے ساتھ انھیں تختہ دار سے بچالیا گیا ۔ راجندر پرساد نے اپنی میعاد کے دوران 181 کے منجملہ 180 درخواست رحم کو منظور کیا اور صرف ایک درخواست رحم مسترد کی۔ ذاکر حسین اور وی وی گیری نے اپنے پاس پہونچنے والی تمام درخواست رحم کو منظوری دی تھی ۔ گیانی ذیل سنگھ نے 32 کے منجملہ 30 درخواستوں کو مسترد کردیا تھا ۔ ڈاکٹر شنکر دیال شرما نے ان سے رجوع کی جانے والی تمام 18 درخواست رحم کو مسترد کردیا تھا ۔