مختلف شعبوں میں انصاف رسانی کی جدوجہد

فورم فار لیگل اینڈ سوشیل جسٹس فار دی پیوپل کے قائدین کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 22 فروری (راست) ریاست تلنگانہ کے مختلف سرکاری محکمہ جات میں آئے دن رشوت ستانی کے بڑھتے ہوئے واقعات اور سرکاری محکمہ جات میں انجام دیئے جانے والے تقررات کے دوران ریزرویشن سے متعلق جی او 22 پر عدم عمل آوری کے نتیجہ میں عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف ’’فورم فار لیگل اینڈ سوشیل جسٹس فار دی پیوپل‘‘ نے جدوجہد کرتے ہوئے عوام کو درپیش مسائل کی یکسوئی اور انہیں انصاف دلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار آج یہاں فورم کے اسوسی ایٹ ممبرس و سینئر ایڈوکیٹس مسٹر کمارا سوامی ، شریمتی ہیما لتا ، مسٹر سنگنا ، شریمتی جمنا نے منعقدہ پریس کانفرنس میںکیا۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست کے مختلف محکمہ جات جن میں محکمہ ریوینیو، محکمہ فینانس، محکمہ عدلیہ، محکمہ پولیس، محکمہ پولیس کے علاوہ دیگر محکمہ جات شامل ہیں جہاں پر بھاری رشوت طلب کرنے کے واقعات سے متعلق عوام کی شکایتیں ان کی فورم میں درج کروائی جارہی ہیں اور بتایا کہ قانون تحفظ خواتین اور لا آفیسرس کے تقررات کے علاوہ دیگر مختلف محکمہ جات میں قوانین پر عدم آوری کی جارہی ہے جس کے نتیجہ میں عوام کو کئی مسائل پیدا ہورہے اور عوام کی کثیر تعداد اپنے جائز حقوق کے حصول سے محروم ہورہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سب سے زیادہ محکمہ ریوینیو میں رشوت کا بازار گرم ہے اور کہا کہ دفتر رجسٹرار میں اراضی کی رجسٹریشن کیلئے بھاری پیمانے پر رشوت طلب کی جارہی ہے جس کی وجہ سے عوام کو اراضی کی رجسٹریشن کروانا دشوارکن ہوگیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تحفظات سے متعلق جی او نمبر 22 کے تحت سرکاری ملازمتوں میں تقررات میں کمزور اور پسماندہ طبقات کے ساتھ نا انصافی کی جارہی ہے اور کہا کہ حکومتوں کی جانب سے جاری کئے جانے والے کسی بھی جی او پر موثر عمل آوری نہیں کی جارہی ہے جس کے نتیجہ میں عوام کو درپیش مسائل جوں کے توں برقرار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی فورم سرکاری محکمہ جات میں ہونے والی رشوت ستانی اور بدعنوانیوں کے خلاف تحریک چلاتے ہوئے عوام کو انصاف کی رسائی تک اپنی مہم جاری رکھے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ انہیں درپیش مسائل سے متعلق ان کی فورم پر راست یا فون نمبر 040-23237749 پر ربط پیدا کریں۔ اس موقع پر فورم کے ارکان و ایڈوکیٹس مسرز شیام سندر، ونود، سدھیر بھی موجود تھے۔