مختلف سیاسی جماعتوں کی خواتین کی ٹی آر ایس میں شمولیت ، ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی سے ملاقات
حیدرآباد۔6مئی(سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کی بڑھتی مقبولیت سے خوفزدہ مخالفین من گھڑت الزامات اور بے بنیاد باتوں کے سہارے تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کو بدنام کرنے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ حالیہ انتخابات میںبدترین شکست کے باوجود تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کے مخالفین اپنی شکست کا محاسبہ کرنے سے آج بھی قاصرہیں۔ آج یہاں منسٹر س کوارٹرس بنجارہ ہلز میں گوشہ محل کے علاقہ چوڑی بازار سے تعلق رکھنے والی مختلف سیاسی جماعتوں کی مہیلا لیڈرس اور کارکنوں کی ٹی آر ایس میںشمولیت کے موقع پر ڈپٹی چیف تلنگانہ الحاج محمد محمو دعلی نے یہ بات کہی۔ انہوں نے ٹی آر ایس کے مخالفین کو اپنے دور اقتدار کا محاسبہ کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہاکہ علیحدہ ریاستوں کی تشکیل کے بعد نئی ریاستوں کو کافی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے مگر تلنگانہ ایک واحد ریاست جو گیارہ ماہ کے اندر ترقی یافتہ ریاستوں کے طرز پر سرپلس بجٹ پیش کرنے میں کامیاب رہی۔ جناب محمد محمو دعلی نے کہاکہ اقتدار سنبھالنے کے ساتھ ہی چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو نے عوام سے ریاست کو درپیش برقی مسائل کو حل کرنے کا وعدہ کر کے عمل آوری کو یقینی بناتے ہوئے شہر حیدرآباد اور اس کے مضافات میںمئی کے مہینے میں بھی برقی کٹوتی نہیں ہے۔ حیدرآباد گنگا جمنی تہذیب کاگہوارہ شہر ہے جہاں پرقطب شاہی اورآصف جاہی دور حکومت سے دیگر ریاستوں اور ممالک کے ماہرین کو لا کر بسایا گیا تھا تا کہ ریاست کی تہذیب وتمدن کو ترقی یافتہ بنایا جاسکے۔ تلنگانہ راشٹریہ سمیتی حیدرآباد کی قدیم روایتوں کا تحفظ کرتے ہوئے آج بھی غیرعلاقائی لوگوں کو خواہ ان کا تعلق ہندوستان کی کسی بھی ریاست یا علاقہ سے ہو یہاں پر انہیں ترقی کے مساوی مواقع فراہم کئے جائیں گے۔جناب محمد محمو دعلی نے پارٹی میںشمولیت اختیا ر کرنے والی خواتین کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ شہر حیدرآباد کی گنگا جمنی تہذیب کا تحفظ تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کی اولین ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے پارٹی میںشامل ہونے والی خواتین کو حکومت کی فلاحی اسکیمات اور امن بھائی چارے کے متعلق شہر حیدرآباد کے عوام میںشعور بیداری مہم چلانے کا مشورہ دیا۔انہوں نے کہاکہ مجوزہ بلدی انتخابات میںبھی ٹی آر ایس پارٹی کی بھاری اکثریت سے کامیابی مخالفین کی بے بنیاد باتوں کا منھ توڑ جواب ثابت ہوگی۔