مختلف خدمات کے لیے رجسٹریشن فیس میں اضافہ: محکمہ رجسٹریشن و اسٹامپس

حیدرآباد ۔ 26 ۔ دسمبر : ( ایجنسیز ) : ریاستی حکومت نے محکمہ رجسٹریشن و اسٹامپس کی جانب سے فراہم کی جانے والی مختلف خدمات پر رجسٹریشن فیس میں اضافہ کیا ہے ۔ گفٹنگ ، سٹیلمنٹ ، ایکسچینج ، جنرل پاور آف اٹارنی ، لیز ، لائسنس ، مارٹگیج ، بیع نامہ کی اجرائی ان خدمات میں شامل ہیں ۔

ریاستی حکومت کے جاری کردہ جی او ایم ایس نمبر 463 ، مورخہ 17 اگست 2013 سے اس پر اطلاق ہوگا ۔ ونود کے اگروال سینئیر عہدیدار محکمہ رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس نے بتایا کہ سرویس چارجس میں اضافہ سالانہ طور پر نہیں ہوگا ۔ بتایا گیا کہ تعطیلات کے دوران دستاویزات کے رجسٹریشن فیس میں 1000 روپئے تا 5000 روپئے اضافہ ہوا ہے ۔ جب کہ محکمہ کے عہدیداروں کی جانب سے مکان پر آکر رجسٹریشن کروائے جانے کی صورت میں یہ اضافہ 500 روپئے تا 1000 روپئے ہوگا ۔ اس طرح اگر کوئی شخص رجسٹریشن کے روز رجسٹریشن آفس نہیں آنے کی صورت میں اور دستاویزات میں غلطیوں کے سدھار اور منسوخی پر فیس میں 100 روپئے 1000 روپئے اضافہ ہوا ہے ۔

سینئیر عہدیدار نے بتایا کہ اب تک کسی کے مکان پر تعطیلات میں رجسٹریشن انجام دینے پر 1000 روپئے فیس لی جاتی تھی تاہم اب اس میں اضافہ کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ دیگر خدمات جن پر فیس میں 100 تا 1000 روپئے اضافہ کیا گیا ہے ۔ ان میں اسپیشل پاور آف اٹارنی کا اسٹیٹیشن ، فروخت سے ہٹ کر جنرل پاور آف اٹارنی شامل ہیں ۔ وصیت نامہ کی تحقیق یا مہر بند وصیت نامہ کو حاصل کرنے یا اس کو کھولنے کا اختیار ، منقولہ جائیداد کا رہن ، کفالت اور ہائپوتیکشن کے متعلق معاہدہ کی فیس ، مشنری میٹریل اور اسٹاک پر 0.5 فیصد ، کم از کم 1000 روپئے یا زیادہ سے زیادہ 5000 روپئے ۔

عطیہ دی جانے والی جائیداد پر فیس 0.5 فیصد ہوگی ۔ جب کہ اقل ترین فیس 1000 روپئے جب کہ زیادہ سے زیادہ 10,000 روپئے فیس ہوگی ۔ اسی طرح سٹیلمنٹ کے لیے فیس 1000 روپئے تا 10,000 روپئے ہوگی ۔ قبل ازیں اس کے لیے صرف 1000 روپئے فیس لی جاتی تھی ۔ غیر منقولہ جائیداد کی فروخت ، تعمیر ، ڈیولپمنٹ اور منتقلی کے لیے دی جانے والی پاور آف اٹارنی دستاویز پر فیس 0.5 فیصد ہوگی ، کم از کم 1000 روپئے اور زیادہ سے زیادہ 10,000 روپئے جائیداد کی قیمت پر منحصر ہوگی ۔۔