محمد عارف باﷲ القاسمی
تفسیر اسلامی علوم میں افضل اور اعلیٰ علم ہے جو اپنے وابستگان کو مرضی رب سے واقف کراکر کبھی نہ فنا ہونے والی سعادت کا حقیقی مستحق بناتا ہے اور یہ حقیقت ہے کہ کوئی کمال علوم شرعیہ اور دینی معرفت کے بغیر حاصل نہیں ہوسکتا ۔ دور حاضر میں معارف القرآن کو جو مقبولیت حاصل ہوئی ہے وہ کسی پر مخفی نہیں ہے اور اس کیبڑی وجہ یہ ہے کہ اس میں عام فہم انداز اختیار کیاگیاہے اور عصر حاضر کے مسائل کا شرعی حل پیش کرتے ہوئے نئی نسل کی بھرپور رہنمائی کا لحاظ رکھا گیا ہے۔ مفتی شفیع صاحبؒ نے اس تفسیر میں جہاں تفسیری نکات و تشریحات درج کی ہیں وہیں جدید فقہی مسائل اور احکام کے قرآن مجید سے استنباط پر بھی خاص توجہ دی ہے ، قرآن مجید کی تاریخی تحقیقات اور مذاہب باطلہ کا مدلل جواب اس پر مستزاد ہے ۔
معارف القرآن کی اسی اہمیت و عظمت کی وجہ سے عوام الناس کے لئے اس کو مزید مفید بنانے کی خاطر اس پر بھی متعدد انداز سے محنتیں کی گئیں، ان ہی محنتوں کی ایک کڑی زیرنظر کتاب ہے ، جسے بڑی عرق ریزی اور طویل محنت سے جناب سید خواجہ فخرالدین قادری حسامی نے مرتب کیا ہے ۔ ، یہ کتاب درحقیقت معارف القرآن کا جامع اختصار ہے گویاموصوف نے سمندر کو کوزے میں جمعکردیا ہے۔زبان عام فہم ہے جس سے اس کی افایت اور بھی بڑھ گئی ہے اور مصروف ترین افراد کے لئے تو یہ کتاب ایک انمول تحفہ ہے ، کہ وہ اس کتاب کلی مدد سے مختصر وقت میں قرآن کریم کی تفسیر اور احکام اور اسرار سے واقفیت حاصل کرسکتے ہیں۔
الحمدﷲ یہ کتاب جوکہ 887 صفحات پر مشتمل ہے ، فرید بک ڈپو دہلی سے شائع ہوچکی ہے ، کتاب کی طباعت عمدہ اور دیدہ زیب ہے ، اور قیمت بھی عوام الناس بالخصوص قرآن کریم سے خصوصی تعلق رکھنے والوں کے لئے عارضی طورپر بہت رعایتی رکھی گئی ہے ، چناں چہ اس کتاب کی عام قیمت 800 روپئے ہے لیکن ابھی یہ کتاب صرف 600 روپئے میں دی جارہی ہے ۔ خواہشمند حضرات ان نمبرات 9177519781-9985316514 پر ربط کریں ۔