حیدرآباد ۔ یکم مئی ( آئی این این ) مرکز کی این ڈی اور ریاست کی ٹی آر ایس حکومت پر مخالف لیبر پالیسیاں اختیار کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے صدر پردیش کانگریس این اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ان کی پارٹی ایسی پالیسیوں کو مزید برداشت نہیں کریگی ۔ انہوں نے گاندھی بھون میں مئی ڈے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرکزی حکومت نے ای پی ایف رقومات پر ٹیکس عائد کرنے اور اس پر سود کو کم کرنے کی تجویز پیش کی تھی ملک بھر میں اس پر احتجاج ہوا جس پر وہ ایسی تجاویز واپس لینے پر مجبور ہوگئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیبر یونینوں نے مرکز کو ایسا کرنے پر مجبور کیا تھا ۔ کانگریس پارٹی ہمیشہ ہی لیبر تنظیموں کو ان کے احتجاج میں تائید کرتی ہے ۔ ان کی پارٹی مخالف مزدور پالیسیوں کو خاموشی سے برداشت نہیں کریگی ۔ حکومتوں کو اپنے رویہ میں تبدیلی لاتے ہوئے ورکرس اور لیبر طبقہ کے مفادات کا تحفظ کرنے کی ضرورت ہے ۔