مخالف سکھ فسادات کیلئے راہول گاندھی ذمہ دار نہیں

۔13 سال کا معصوم لڑکا کس طرح قصوروار ہوسکتا ہے : چدمبرم
کولکتہ ۔ /25 اگست (سیاست ڈاٹ کام) کانگر یس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے آج اپنی پارٹی کے صدر راہول گاندھی کی پرزور حمایت کی اور کہا کہ 1984 ء کے مخالف سکھ فسادات کیلئے راہول گاندھی کو قصو روار قرار نہیں دیا جاسکتا ۔ آخر 13 تا 14 سال کے معصوم لڑکے کو ان فسادات کیلئے ذمہ دار کس طرح قرار دیا جاسکتا ہے ۔چدمبرم جو کولکتہ کے دور ہ پر ہیں کہا کہ سکھ فسادات کیلئے راہول گاندھی سے معذرت خواہی کا مطالبہ درست نہیں ہے جبکہ سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے پارلیمنٹ میں معذرت خواہی کی ہے ۔ راہول گاندھی جو برطانیہ کے دو روزہ دو رہ پر تھے لندن میں برطانوی پارلیمنٹرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ واقعہ بہت ہی تکلیف دہ سانحہ تھا لیکن انہوں نے کانگریس کے اس میں ملوث ہونے کی تردید کی ۔ چدمبرم نے کہا کہ 1984 ء میں کانگریس کا اقتدار تھا لیکن اس بات سے کوئی انکار نہیں کرسکتا کہ یہ فسادات نہایت ہی تکلیف دہ تھے ۔