حیدرآباد 29 مارچ ( پی ٹی آئی ) سی پی آئی نے آئندہ عام انتخابات میں بی جے پی سے مقابلہ کیلئے قومی سطح پر محاذ میں کانگریس کی شمولیت سے متعلق چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی کی تجویز کی حمایت کی ہے ۔ ترنمول کانگریس لیڈر کی جانبسے قومی سطح پر اپوزیشن جماعتوں میں اتحاد پیدا کرنے کی کوششوں کے تعلق سے سی پی آئی کے جنرل سکریٹری ایس سدھاکر ریڈی نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں میں قومی سطح پر انتخابی مفاہمت شائد ممکن نہیں ہو سکے گی ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ ریاستوں میں مخصوص حالات کی وجہ سے بی جے پی کو شکست دینے راست مقابلہ کی صورت نکالی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے پی ٹی آئی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مغربی بنگال اور کیرالا جیسی ریاستوں میں جہاں بائیں بازو کی جماعتوں کا راست ترنمول کانگریس اور کانگریس سے مقابلہ ہے ان جماعتوں سے اتحاد ممکن نہیں ہوسکے گا ۔انہوں نے کہا کہ علاقائی اور دوسری جماعتوں میں انتخابی مفاہمت ایسی صورتحال میں ہی ممکن ہوسکے گی جو مغربی بنگال اور کیرالا جیسی نہ ہو ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سارے بائیں بازو محاذ کی نمائندگی نہیں کرسکتے لیکن جہاں تک ان کی پارٹی کا سوال ہے وہ یہی کہہ سکتے ہیں کہ جہاں کہیں ایک علاقائی جماعت اور دوسری جماعتوں کے مابین سال میل ہو اور بی جے پی کے مقابلہ میں متحدہ امیدوار پیش کیا جاسکے اس کیلئے کوشش ہونی چاہئے ۔