مخالف اِسرائیل موقف رکھنے والے برطانوی ایم پی کو زدوکوب

لندن۔ 30 اگست (سیاست ڈاٹ کام) برطانیہ کے مخالف اسرائیل موقف رکھنے والے ایک رکن پارلیمنٹ کو زدوکوب کا نشانہ بنایا گیا۔ ان کے ترجمان نے بتایا کہ جارج گیلوے کل رات ناٹنگ ہل میں عوام کے ساتھ تصویرکشی کروا رہے تھے کہ ایک شخص نے انتفادہ کے بارے میں چیختے ہوئے ان پر حملہ کردیا۔ گیلوے بریڈفورڈ ویسٹ کے رکن پارلیمنٹ ہیں اور انہوں نے کہا تھا کہ ’’بریڈ فورڈ اسرائیل فری زون‘‘ بن چکا ہے۔ انہوں نے عوام سے خواہش کی تھی کہ اسرائیلی مصنوعات، خدمات، ماہرین تعلیم اور سیاحوں کو مسترد کردیں۔ کل حملے کے بعد جارج گیلوے نے رات ہاسپٹل میں گزاری جہاں ان کی مشتبہ طور پر ٹوٹی ہڈی اور زخموں کا علاج کیا گیا۔ پولیس نے فوری پہنچ کر حملہ آور کو گرفتار کرلیا۔