محکمہ کمرشیل ٹیکس میں بھی ’ انفارمرس ‘ کا طریقہ کار بحال

عہدیداروں کی تجویز کو حکومت کی منظوری ‘ ترغیبی انعام کی رقم میں بھی اضافہ کا فیصلہ
حیدرآباد 26 اپریل (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے محکمہ کمرشیل ٹیکسس میں ٹیکس چوری کرنے والے تاجروں پر کڑی نظر رکھنے اور عہدیداروں کو مطلع کرنے ’انفارمرس کے طریقہ کار‘ کو بحال کرنے کی اجازت دیدی ہے ۔ ساتھ ہی انفارمرس کو ترغیبی رقم 10 ہزار روپئے سے بڑھا کر 50 ہزار روپئے کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اس سلسلہ میں محکمہ کمرشیل ٹیکس نے حکومت کو رپورٹ پیش کر کے انفارمرس کے طریقہ کار سے محکمہ کو ہونے والی زائد آمدنی سے متعلق واقف کرواتے ہوئے طریقہ کار کو دوبارہ شروع کرنے اجازت کی خواہش کی تھی ۔ انفارمرس کو ترغیب کے طور پر رقم کی فراہمی کیلئے 10 لاکھ روپئے فراہم کرنے کی خواہش کی تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ عہدیداروں کی خواہش کے مطابق حکومت نے محکمہ کمرشیل ٹیکسس کو خفیہ رقم کے طور پر دس لاکھ روپئے فراہم کرنے کی منظوری دی ہے ۔ بتایا جاتا ہیکہ اب تک پولیس اور نشہ بندی و آبکاری میں انفارمر کا طریقہ کار باقاعدہ تھا لیکن اب محکمہ کمرشیل ٹیکسس میں بھی اسے رائج کیا جائیگا ۔عرصہ قبل محکمہ میں انفارمرس کا طریقہ کار رائج تھا لیکن بعد میں ختم کردیا گیا تھا۔ بتایا جاتا ہیکہ ریاست کے خزانہ میں زیادہ رقومات فراہم کرنے والا محکمہ کمرشیل ٹیکسس ہوتا ہے اور تلنگانہ میں محکمہ سے 26 ہزار تا 30 ہزار کروڑ روپئے کی آمدنی ہوتی ہے ۔ عام طور پر محکمہ کمرشیل ٹیکسس کو ویاٹ ‘سی ایس ٹی ‘ونود ا(تفریحی) اور مختلف طریقوں کے ذریعہ ٹیکسس کی شکل میں آمدنی ہوتی ہے لیکن موجودہ حالات میں محض محکمہ کمرشیل ٹیکسس میں اسٹاف اور عملہ کی کمی سے ٹیکسس کی خاطر خواہ وصولی نہیں ہوپارہی ہے جس کی وجہ سے محکمہ میں آمدنی کا نشانہ مکمل نہیں ہوپا رہا ہے لہذا نئی ریاست میں محکمہ کو از سر نو کارکرد بنانے اور آمدنی میں اضافہ کرنے عہدیدار نئی حکمت عملی پر عمل کرنے کیلئے کوشاں ہیں اور ٹیکس چوری کرنے والوں اور حقیقی طور پر ٹیکس ادا نہ کرنے والوں پر نظر رکھتے ہوئے محکمہ کو صحیح اطلاعات فراہم کرنے انفارمرس کو میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ محکمہ کے حکام کا احساس ہیکہ محکمہ میں فعال و کارکرد عہدیداروں کا تقرر عمل میں لایا جائے تو محکمہ کی کارکردگی کے مثبت نتائج حاصل ہونگے ۔