محکمہ پولیس میں کانسٹیبلس اور ڈرائیورس کی جائیدادوں پر تقررات کی تجویز

محکمہ پولیس کو عصری بنانے مختلف اقدامات ، وقفہ سوالات میں وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی کا بیان
حیدرآباد۔/13مارچ، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے کہا کہ حکومت نے محکمہ پولیس کو عصری سہولتوں سے آراستہ کرنے اور کارکردگی میں بہتری کیلئے انووا کار، سومو اور موٹر سیکلیں فراہم کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ بڑی تعداد میں خریدی گئی گاڑیاں کھلے ٹنڈر اور ای پرکیورمنٹ کے ذریعہ حاصل کی گئی ہیں۔ وقفہ سوالات کے دوران ڈی کے ارونا اور دوسروں کے سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ محکمہ پولیس میں مزید نئے ڈرائیورس کے تقررات کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ گاڑیوں کی خریدی کیلئے168 کروڑ 98لاکھ 88ہزار کا خرچ آیا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے الاٹ کردہ رقم میں مزید 37کروڑ 38لاکھ 68ہزار ابھی باقی ہیں۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس نے مزید 3620پولیس کانسٹبلس اور ڈرائیورس کی جائیدادوں پر تقررات کی حکومت کو تجویز پیش کی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ حیدرآباد سٹی پولیس کے عصری ہیڈکوارٹر کی تعمیر کا منصوبہ ہے جو ماڈرن پولیس کمانڈ کنٹرول سنٹر کے ساتھ بنجارہ ہلز میں قائم کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں جاریہ مالیاتی سال 20کروڑ روپئے مختص کئے گئے۔ اندرون تین سال پراجکٹ کی تکمیل کا منصوبہ ہے۔ 6ایکر اراضی پر یہ عصری ہیڈکوارٹر تعمیر کیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں حکومت نے دو کمیٹیاں تشکیل دی ہیں تاکہ پراجکٹ کے ڈیزائن اور دیگر اُمور کو طئے کیا جاسکے۔