محکمہ پولیس میں عنقریب تقررات وزیر داخلہ کا بیان

نلگنڈہ۔2فبروری ( آئی این این) وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے آج کہا ہے کہ حکومت تلنگانہ محکمہ پولیس میں عنقریب تقررات کا عمل شروع کرے گی ۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس میں تمام مخلوعہ جائیدادیں پُر کی جائیںگی اور ضرورت پڑنے پر نئی جائیدادیں بھی تشکیل دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے حکومت نے ریاست بھر میں نئے پولیس اسٹیشنس ، ویمنس اور ٹریفک پولیس اسٹیشنس منظور کئے ہیں ۔ پولیس کو عوام دوست بنانے کی پالیسی کا ذکر کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے پولیس عملہ کو ہدایت دی کہ وہ بہرصورت لا اینڈ آرڈر کی برقراری یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت لا اینڈ آرڈر کے مسئلہ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی اور جرائم پر قابو پانے کیلئے سخت کارروائی کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں قیام امن حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس معاملہ میں پولیس کو چوکسی برتنی چاہیئے ۔