محکمہ پولیس میں صحت سدھار پر توجہ

محکمہ جاتی ترقی میں اچھی صحت لازمی قراردینے کے اقدامات
حیدرآباد/6 ستمبر ( سیاست نیوز ) ریاست تلنگانہ میں پولیس ڈپارٹمنٹ کو ہر طرح کی سہولیات سے آراستہ کرنے کے بعد اب ان کی صحت سدھارنے کے اقدامات پر توجہ دی جارہی ہے ۔ کمیونٹی وفرینڈلی پولیسنگ کے بعد اب عملہ کی جسمانی حالت کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کیڈر سے لیکر ہوم گارڈ تک اس نئی پالیسی کے دائرے میں آئیں گے جو اعلی عہدیداروں نے ایک تحقیقی رپورٹ میں اس بات کو محسوس کیا ہے کہ کئی ایک پولیس ملازمین کو ان کے توند کم کرنے کے علاوہ وزن گھٹانے کی ضرورت ہے اور اس بات کی ضرورت کو ڈپارٹمنٹ نے محسوس کرتے ہوئے منصوبہ بھی تیار کرلیا ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اب اسٹیٹ کیڈر کی منظوری کے بعد تبادلوں و ترقی میں بھی جسمانی صحت اور فٹنس کو ریکارڈ کیا جائے گا اس کے علاوہ آئی پی ایس اور سی آر پی سی قوانین پر بھی عملہ کی آگہی اور دلچسپی کو بھی ترقی کے معاملہ میں شامل حال رکھا جائے گا ۔ تقسیم ریاست سے قبل ہی اس مسئلہ کو سنگین مسائل کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا اور ایک تحقیقاتی رپورٹ بھی تیار کی گئی تھی جس میں تقریباً 20 ہزار پولیس ملازمین کی توند رکھنے والے اور ہزاروں کی تعداد والے ملازمین ایک سو کیلو سے زیادہ وزن رکھنے والے پائے گئے ۔ تاہم ریاست کی تقسیم کے بعد یہ مسئلہ تعطل کا شکار ہوگیا ۔ تاہم اب اس حکمت عملی پر سنجیدگی سے عمل کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل سطح کے عہدیدار کو پولیس فٹنس پر توجہ دینے کی ذمہ داری دی جائے گی اور ان کی خاص نگرانی میں عملہ کے توند اور وزن دونوں کم کرتے ہوئے سلم اور فٹ تیار کرنے کا آغاز کیا جائے گا ۔ محکمہ پولیس کی تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ اسپیشل پولیس آکٹوپس اور گرے ہانڈ کے علاوہ دیگر شعبوں میں موقع ملنے پر ملازمین اپنی صحت اور بالخصوص ورزش پر توجہ نہیں دے رہے ہیں لہذا ان ملازمین کے فٹنس پر اقدامات کو ا نجام دیا جائے گا اور ساتھ ہی محکمہ جاتی ترقی میں بھی فٹنس کو لازم قرار دینے کے اقدامات پر غور کیا جارہا ہے ۔ ساتھ ہی ضلع ایس پی اور اعلی عہدیداروں کو آئی بی سی اور سی آر پی سی قوانین پر آگہی کیلئے عملہ کو خصوصی تربیت دینے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے ۔