حیدرآباد 26جون ( یو این آئی) تلنگانہ اسٹیٹ لیول پولیس ریکروٹمنٹ بورڈ کے تحت محکمہ پولیس میں کانسٹبلس اور سب انسپکٹر پولیس (سیول، مرد و خواتین)کی تقریباً 18ہزار ملازمتوں پر تقرر کیلئے درخواستیں مطلوب ہیں جس کی آخری تاریخ 30؍جون ہے تاہم امیدواروں سے مسلم دانشوروں نے اپیل کی کہ وہ آخری تاریخ سے کم از ایک دو دن پہلے اپنی آن لائن درخواستیں داخل کردیں کیوں کہ آخری ایام میں امیدواروں کی کثیر تعداد کی وجہ سے عموماً سرور ڈاؤن ہوسکتے ہیں جس کی وجہ سے یہ موقع ضائع ہوسکتا ہے ۔ دانشوروں نے امیدواروں کو مشورہ دیا کہ وہ کسی تجربہ کار یا پروفیشنل سے یا پھر ای سیوا یا می سیوا کے توسط سے آن لائن درخواست داخل کریں۔ نوجوانوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ محکمہ پولیس میں تقررکے موقع سے فائدہ اٹھائیں۔ پولیس میں مسلم نمائندگی ضروری ہے ۔ چونکہ تقررات کیلئے اب انٹرویو کا طریقہ برخاست کردیا گیا ہے اس لئے شفافیت زیادہ ہے ۔ آئمہ مساجد سے خواہش کی گئی ہے کہ خطبہ جمعہ سے پہلے اعلان بھی کریں اور درخواست داخل کرنے کی نوجوانوں اوران کے سرپرستوں کو تلقین کریں۔امیدواروں کی عمراور فیس سے متعلق تفصیلات ویب سائٹ www.tslprb.in پر دستیاب ہیں۔ اقلیتی امیدواروں کیلئے ہوٹل کرسٹل بنجارہ کے تعاون سے مائناریٹی رائٹس پروٹیکشن کمیٹی اور مائناریٹی اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن نے یکم جولائی سے نظام کالج گراؤنڈ پر فری کوچنگ اہتمام کیا ہے ۔ خواہش مند امیدوار اس سلسلہ میں 25؍جون سے کوچ مسٹر علی سے فون نمبر9010834134 ، 8464080333پر رابطہ قائم کریں اور فری کوچنگ کیلئے رجسٹریشن کروائیں ۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ فری کوچنگ کیلئے امیدواروں میں جوش و خروش دیکھا گیا ہے اور ان میں اضلاع سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کی اکثریت ہے ۔