قومی سطح پر 16 لاکھ خواتین کو ملازمتیں ، اہم ذمہ داریاں دینے کی بھی تجویز
حیدرآباد /14 اپریل ( سیاست نیوز ) ملک میں خواتین کے تحفظ کو یقینی بنانے اور خواتین کے مسائل کی یکسوئی کیلئے خواتین کو ذمہ داری دینے کے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ سخت گیر قوانین کی تشکیل اور سختی سے عمل آوری کے بعد بھی خواتین پر بڑھتے مظالم کی شرح میں تشویش ناک حد تک اضافہ دیکھا جارہا ہے اور اس بات کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے کہ آیا خواتین کے ہاتھوں ذمہ داری اور خواتین کی نمائندگی اس اثرات کو روک سکتی ہے ۔ مرکزی کابینہ نے بھی ایک سفارش پیش کردی اور سنجیدگی سے اس پر عمل آوری کے اقدامات کا بھی آغاز ہونے جارہا ہے ۔ چونکہ ملک میں قومی سطح پر خواتین کیلئے ہر شعبہ میں 33 فیصد تحفظات پر عمل کے اقدامات جاری ہیں ۔ تاہم محکمہ پولیس میں ان تحفظات کو عمل کیا جائے گا ۔ امکان ہیکہ مرکزی کابینہ اور قومی سطح سے حاصل شدہ سرکاری اعداد و شمار و سفارشات کی بنیاد پر محکمہ پولیس میں خواتین کے بڑے پیمانے پر تقررات عمل میں لائے جائیں گے ۔ سرکاری ذرائع کے مطابق قومی سطح پر 16 لاکھ خواتین کے تقرر کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ جبکہ شمال مشرقی ریاستوں میں کافی تشویشناک حالات پائے جاتے ہیں جبکہ اترپردیش اور بہار میں چار فیصد اور مہاراشٹرا میں زیادہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ مرکزی سطح پر خواتین کے تحفظات پر سوائے قومی دارالحکومت دہلی کے مرکزی زیر انتظام ریاستوں میں عمل آوری جاری ہے ۔ مرکزی کابینہ نے اپنے فیصلے میں یہ سفارش تمام ریاستوں کو روانہ کردی ہے کہ وہ محکمہ پولیس میں تحفظات کیلئے درکار اقدامات کا آغاز کردیں ۔ امکان ہے کہ بہت جلد 33 فیصد تحفظات کے تحت قومی سطح پر 16 لاکھ خواتین پولیس کا تقرر ہوگا اور بہت جلد اس نشانہ کو پورا کرنے کیلئے ریاستوں کو کوٹہ مختص کردیا جائے گا ۔ اس اقدام سے محکمہ پولیس میں خدمات کیلئے خواتین کو بہتر موقع حاصل ہوگا ۔ قومی سطح پر فی الحال 1,05,325 خواتین محکمہ پولیس میں خدمات انجام دے رہی ہیں اور اس تعداد کو 17,22,786 تک پہونچانے کے اقدامات جاری ہیں ۔