محکمہ پولیس میں اقلیتوں کو زیادہ سے زیادہ نمائندگی

اقلیتی نوجوانوں کو سٹی پولیس اور جی ایچ ایم سی کی جانب سے خصوصی ٹریننگ
ایس ایم بلال
حیدرآباد۔27 جولائی ۔ نئی ریاست تلنگانہ میں محکمہ پولیس میں بھرتی کیلئے عنقریب اعلامیہ کے پیش نظر حیدرآباد سٹی پولیس نے اقلیتی نوجوانوں کو خصوصی طور پر ٹریننگ فراہم کرنے کیلئے منصوبہ تیار کیا ہے ۔ کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ایم مہندر ریڈی نے بتایا کہ اندرون 15 یوم کانسٹبلس کے عہدوں پر تقررات کیلئے اعلامیہ جاری ہونے والا ہے اور اس ضمن میں حیدرآباد پولیس نے اقلیتی نوجوانوں کی شمولیت کو یقینی بنانے کیلئے جی ایچ ایم سی کے اشتراک سے خصوصی ٹریننگ فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مسٹر مہندر ریڈی نے بتایا کہ اقلیتی نوجوانوں کو گوشہ محل اسٹیڈیم اور قلی قطب شاہ اسٹیڈیم میں خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی اور اس ٹریننگ کیلئے ماہرین کی خدمات حاصل کی جارہی ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں تقریبا 8000 مخلوعہ کانسٹبلس کی جائیدادوں پر تقررات کیلئے عنقریب اعلامیہ جاری ہونے کا امکان ہے جس میں حیدرآباد سٹی پولیس کیلئے 3 تا 4 ہزار کانسٹبلس کی بھرتی متوقع ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ پولیس اقلیتی نوجوانوں کو حیدرآباد سٹی پولیس میں زیادہ سے زیادہ جائیدادوں پر تقررات کو یقینی بنانے کی کوشش کرے گی ۔ پولیس عہدیدار جو ٹریننگ میںماہر ہیں نوجوانوں کو تربیت فراہم کریں گے جو تقررات کیلئے کارآمد ثابت ہوگی ۔انہوں نے بتایا کہ تقررات کیلئے نوجوانوں کو کئی مرحلوں سے گذرنا پڑتا ہے جس میں پانچ کیلو میٹر دوڑ ‘شارٹ جمپ ‘ لانگ جمپ شامل ہیں ۔ مسٹر مہندر ریڈی نے بتایا کہ حیدرآباد سٹی پولیس اقلیتی نوجوانوں کی بھرتی کیلئے کئی مواقع فراہم کرے گی جس میںجسمانی ٹریننگ کے علاوہ تحریری امتحانات کیلئے بھی خصوصی فیکلٹی کی خدمات حاصل کی جائیں گی ۔ انہوں نے بتایا کہ اقلیتی نوجوان اس ٹریننگ سے زیادہ سے زیادہ استفادہ حاصل کرتے ہوئے حیدرآباد سٹی پولیس میں اپنے تقرر کو یقینی بنانے کیلئے ایک مشن کے طور پر کوشش کریں ۔ انہوں نے بتایا کہ سب انسپکٹرس کے عہدوں کیلئے بھی اعلامیہ جاری ہونے کا امکان ہے جس کیلئے بھی حیدرآباد سٹی پولیس اقلیتی نوجوانوں کو ٹریننگ فراہم کرے گی ۔