بیوہ، بچوں کو ملازمتوں کی سہولت، حکومت کے سابقہ احکامات میں ترمیم
حیدرآباد 30 جولائی (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ نے روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن میں برسر خدمت ملازمین کی اچانک موت واقع ہونے پر ان مہلوک ملازمین کے کسی فرد خاندان کو ملازمت فراہم کرنے درپیش رکاوٹوں کو دور کرتے ہوئے گزشتہ دس سال سے آر ٹی سی میں زیرالتواء مسئلہ کی یکسوئی کردی اور برسر خدمت متوفی یا مہلوک ملازمین کے کسی فرد خاندان کو ملازمت فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔ حکومت کے اس فیصلہ کے ساتھ ہی آر ٹی سی عہدیداروں نے بھی سابقہ احکام میں مناسب ترمیم کرتے ہوئے احکام جاری کئے اور اس طرح ورکرس، ڈرائیور، کنڈکٹر اور آر ٹی سی کانسٹبل کی ملازمتوں کے لئے برسر خدمت اچانک موت واقع ہوجانے والے مہلوک ملازمین کے فرد خاندان کو فوری طور پر ملازمت حاصل ہونے کا موقع فراہم ہوسکے گا۔ بتایا جاتا ہے کہ مہلوک آر ٹی سی ملازمین کے خاندان میں غیر شادی شدہ کے علاوہ شادی شدہ خاتون و مرد کو بھی ملازمت کا موقع فراہم ہوسکے گا۔ اگر مہلوک ملازم کو کوئی بیٹا نہ ہونے کی صورت میں شادی شدہ لڑکی کو بھی ملازمت فراہم کرنے کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔ آر ٹی سی کے باوثوق ذُرائع نے یہ بات بتائی اورکہاکہ مہلوک ملازمین کے افراد کو ملازمتوں کی فراہمی کے معاملہ میں خاتون کنڈکٹر کی ملازمت کیلئے خاتون کی کے قد والی شرط سے بھی استثنیٰ دیا جائے گا۔ اس طرح 152 سنٹی میٹر لمبائی کے بجائے 147 سینٹی میٹر لمبائی مقرر کرتے ہوئے آر ٹی سی نے فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ترمیم شدہ احکامات کی روشنی میں فی الوقت 1500 تا 2000 مہلوک ملازمین کے افراد خاندان کو فوری طور پر ملازمتوں کے مواقع فراہم ہوں گے۔ مہلوک ملازمین آر ٹی سی (برسر خدمت) کے افراد خاندان کو ملازمتوں کے مواقع فراہم ہونے پر ان مہلوک ملازمین کے افراد خاندان میں مسرت و خوشی کی لہر پیدا ہوئیہے۔ علاوہ ازیں ان اقدامات کیلئے حکومت سے خصوصی طور پر ٹی ایس آر ٹی سی تلنگانہ ایمپلائز یونین جنرل سکریٹری اشوادھاما ریڈی وغیرہ نے چیف منسٹر، وزیر ٹرانسپورٹ اور منیجنگ ڈائرکٹر ٹی ایس آر ٹی سی سے اظہار تشکر کیا۔