محکمہ مال کی جانب سے نئی ویب سائٹ ’ دھرانی ‘ متعارف

حیدرآباد ۔ 28 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) : محکمہ مال کی جانب سے ایک نئی ویب سائٹ ’ دھرانی ‘ کا دو یوم کے اندر آغاز ہوجائیگا ۔ اس ویب سائٹ کے ذریعہ سے عوام اور محکمہ کا اسٹاف دونوں استفادہ کرسکیں گے ۔ حالانکہ حکومت نے دو ماہ قبل صرف چار اضلاع میں ویب سائٹ کو آزمائشی طور پر شروع کیا تھا لیکن بعد میں تمام اضلاع تک توسیع دی گئی اور ابھی صرف سب رجسٹرار آفس ریونیو ڈپارٹمنٹ کے اسٹاف ہی استفادہ کے مجاز تھے ۔ اب اس کی خدمات عوام تک پہنچ جائیں گی ۔ آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی مسٹر رجت کمار نے کہا کہ محکمہ دو یوم کے اندر آزمائش کے طور پر عام عوام تک اس کو رسائی دے گا تاکہ وہ اپنے زمینوں کی تمام تفصیلات حاصل کرسکیں ۔ فی الحال آفیسرز اس بات پر کوشاں ہیں کہ خدمات کو بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رکھ سکیں ۔ تمام خدمات کو یکجا کردیا گیا ہے ۔ مسٹر رجت کمار نے کہا کہ جس وقت دھرانی مکمل طور پر کارگرد ہوجائے گا تو پٹے دار پاس بکس تمام خدمات ایک جگہ سے حاصل کرسکیں گے ۔ ان میں آئی بی ڈیجیٹل نقشہ ، سروے نمبر تفصیلات وغیرہ شامل ہیں ۔ زمین کے خریدار دھرانی کے ذریعہ سب رجسٹرار آفس میں زمین خرید سکتے ہیں اور عوام تحصیل دار آفس کو گئے بغیر نام کی تبدیلی ، جائیداد کے ٹائیٹل کی تبدیلی وغیرہ خدمات آن لائن ویب سائٹ سے ہی انجام دے سکتے ہیں ۔ مسٹر رجت کمار کے مطابق دھرانی دراصل مابھومی اور می سیوا کا نعم البدل سسٹم ہے ۔ اس میں زمین کی مکمل پیمائش اس کے حدود ، سروے نمبرات اور اس زمین کی سیٹلائٹ پکچر شامل ہوں گیں ۔ اس ویب سائٹس کو بلا روک ٹوک جاری رکھنے کے لیے حکومت نے کمپیوٹر آپریٹرس کا تقرر کیا ہے اور ان کو ضروری تربیت بھی دی ہے ۔