محکمہ مال میں مناسب تبدیلیاں، بہتر خدمت حکومت کی اولین ترجیح

ریاست میں 19 اگست کے خاندانی سروے میں عہدیداروں کو خصوصی دلچسپی سے کام کرنے محمود علی کی ہدایت

حیدرآباد 7 اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی حکومت آئندہ چھ ماہ میں محکمہ مال میں مناسب تبدیلیاں لاتے ہوئے عوام کو بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے نہ صرف فیصلہ کرے گی بلکہ موثر اقدامات کرے گی ۔ آج یہاں سکریٹریٹ میں تلنگانہ سب رجسٹرارس اسو سی ایشن کی مرتب کردہ ڈائری کی رسم اجراء انجام دینے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر محمد محمود علی (امور محکمہ مال و رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس) نے مذکورہ بات کہی اور اس ڈائری میں مکمل مواد طبع کروانے کی زبردست ستائش کی اور ڈائری کی طباعت میں تعاون کرنے والوں سے بھی اظہار تشکر کرتے ہوئے تلنگانہ سب رجسٹرارس اسو سی ایشن کے عہدیداروں کو مبارکباد دی ۔ انہو ں نے کہا کہ نئی ریاست تلنگانہ میں عوام کئی ایک توقعات رکھتے ہیں اور ان توقعات کو پورا کرنے کیلئے عہدیداروں سے اپنی خدمات و فرائض انجام دینے کی خواہش کی اور ساتھ ہی ساتھ یہ بھی کہا کہ عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ افراد خاندان کی طرح حکومت کے ساتھ ملکر کام کریں ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے 19 اگست کو تلنگانہ ریاست میں کئے جانے والے ہمہ مقصدی خاندانی سروے کیلئے محکمہ مال کے عہدیداروں سے خصوصی دلچسپی کے ساتھ نہ صرف کام کریں بلکہ اپنا بھر پور تعاون کرنے کی خواہش کی ۔ انہوں نے کہا کہ اس سروے کی تکمیل کے بعد اضلاع کا دورہ کر کے محکمہ مال کے دفاتر کا اچانک معائنہ کیا جائے گا اور کہا کہ ریاست تلنگانہ میں اراضیات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے اور ان اراضیات کی اہمیت میں اضافہ کرنے کیلئے حکومت سنجیدہ اقدامات کرے گی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ اسٹامپس کی فروختگی پوسٹ آفس کے ذریعہ کرنے کا حکومت نے فیصلہ کیا ہے اور 11 اگست کو محکمہ رجسٹریشن اینڈ اسٹامپس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے منعقد ہونے والے اجلاس میں کئی ایک اہم فیصلے کرنے کا اظہار بھی کیا ۔ مسٹر محمد محمود علی نے مزید کہا کہ اپنی املاک رجسٹریشن کروانے کیلئے کافی وقت درکار ہونے کے پیش نظر عوام کو مشکلات پیش آرہی ہیں لہذا اس مسئلہ کی یکسوئی کیلئے ’’اپائنٹمینٹ‘‘ کے طریقہ کار کو روبہ عمل لانے کیلئے حکومت اقدامات کرے گی۔ تلنگانہ اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ماہ منعقد ہونے والے تلنگانہ ریاست قانون ساز اسمبلی کے بجٹ سیشن کا اختتام عمل میں آنے کے بعد سرکاری تمام اراضیات کا سروے کروایا جائے گا اور اس بات کا پتہ چلایا جائے گا کہ اسائنمنٹ اراضیات کتنی ہیں۔ سرکاری اراضیات کتنی ہیں مکمل تفصیلات اکٹھا کرنے کیلئے چیف منسٹر کی ہدایت کے مطابق تمام اراضیات کا سروے کروایا جائے گا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے اس موقع پر یوم آزادی تقاریب کے قلعہ گولکنڈہ میں انعقاد عمل میںلانے کے مسئلہ پر کئے جانے پر اعتراضات پر اپنے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے استفسار کیا کہ دہلی میں لال قلعہ پر قومی پرچم کشائی انجام نہیں دی جارہی ہے؟ انہوں نے قلعہ گولکنڈہ میں قومی پرچم کشائی انجام دینے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راو کے فیصلہ پر مسرت کا اظہار کیا اور اس توقع کا اظہار کیا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راو آئندہ پانچ سال میں تلنگانہ ریاست کو ترقی کے ذریعہ ملک بھر میں سرفہرست ریاست کا موقف حاصل کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں کسی کے ساتھ بھی کوئی نا انصافی یا نقصان ہر گز نہیں ہوگا ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر محمود علی نے نظم و ضبط و امن کی برقراری کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ حکومت امن و ضبط کی برقراری میں حکومت ہر گز کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی بلکہ سخت اقدامات کرے گی۔