محکمہ مال ملازمین کو ایک ماہ بنیادی تنخواہ کا انعام

اراضی سروے کے پہلے مرحلہ کی کامیابی پر چیف منسٹر کا فیصلہ
حیدرآباد 24 فروری ( سیاست نیوز ) چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے اراضی سروے کو کامیاب بنانے والے محکمہ مال کے 35,749 ملازمین کی حوصلہ افزائی کیلئے ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ بطور انعام دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اراضی سروے کے پہلے مرحلے کو کامیاب بنانے پر چیف منسٹر نے اطمینان کا اظہار کیا ۔ سروے کے کاموں میں شامل 10,809 وی آر اوز 24,410 ، سروے شعبہ کے 530 جملہ 35,749 ملازمین کو ایک ماہ کی بنیادی تنخواہ بطور حوصلہ افزائی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ملک میں پہلی مرتبہ تلنگانہ میں 100 دن میں ملازمین نے اراضی سروے کو کامیابی سے مکمل کیا ہے ۔ تقریبا 80 سال سے ریاست میں اراضی سروے نہیں ہوا تھا ۔ اراضیات کی خرید و فروخت کی تبدیلیوں کو ریکارڈ نہیں کیا گیا جس سے ریکارڈ میں بے قاعدگیاں تھی ۔ حکومت زرعی سرمایہ کاری اسکیم پر عمل کا فیصلہ کرچکی تھی مگر کونسی اراضی کس کی ہے اس کا پتہ نہیں چل رہا تھا ۔ اسکیم کو شفاف بنانے سروے ہوگیا تھا ۔ عہدیداروں اور ملازمین نے 100 دن تک گاؤں گاؤں گھوم کر اراضی ریکارڈ درست کیا ہے ۔ اراضی معاملے میں شفافیت آگئی ریاست میں 22.5 لاکھ ایکڑ اراضی غریبوں میں تقسیم کی گئی جس میں 20 لاکھ ایکڑ میں شفافیت نہیں تھی ۔ سروے ریکارڈ مکمل کرنے میں محکمہ مال کو ملک میں اعزاز حاصل ہوا جس کیلئے وہ ملازمین سے اظہار تشکر کرتے ہیں ۔ پرگتی بھون میں منعقدہ اجلاس میں سروے کا جائزہ لینے کے بعد چیف منسٹر نے محکمہ مال کے ملازمین کو انعام دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزیر فینانس ایٹالہ راجندر حکومت کے مشیر جی آر ریڈی سینئیر عہدیداروں میں نرسنگ راؤ ، راجیشور تیواری ، رام کرشنا راؤ ، شیوشنکر ، وی کرونا ، سمیتا سبھروال ، کلکٹرس ، راگھونندن راؤ ، ایم وی ریڈی و دیگر موجود تھے ۔