محکمہ صحت و طبابت میں ملازمین کے تبادلوں میں ناانصافی کیخلاف احتجاج

الزامات بے بنیاد ڈائرکٹر محکمہ کا بیان، تبادلوں کا عمل مکمل
حیدرآباد ۔ 23 جون (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کے احکامات کی روشنی میں ریاستی محکمہ صحت و طبابت میں ملازمین وغیرہ کے تبادلوں کا عمل مکمل کرلیا گیا۔ آن لائن انجام دیئے گئے تبادلوں کے عمل کے ذریعہ زائد از چار ہزار ملازمین محکمہ صحت و طبابت کے تبادلے عمل میں لائے گئے۔ محکمہ صحت کے ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ پرائمری ہیلت سنٹر کی سطح سے اعلیٰ سطح تک (یعنی ریاستی سطح کے) ملازمین کے تبادلے کئے گئے۔ اس طرح زائد از 4120 ملازمین محکمہ صحت کے تبادلوں کو یقینی بنایا گیا جن میں 190 ڈاکٹرس، زائد از 1000 اسٹاف نرسیس اور دیگر پیرا میڈیکل اسٹاف پائے جاتے ہیں۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ زائد از 2120 شہر حیدرآباد میں خدمات انجام دینے والے ملازمین، نرسیس، پیرا میڈیکل اسٹاف اور ڈاکٹرس کے تبادلے کئے گئے جبکہ زائد از 2000 ملازمین صحت کے تبادلے اضلاع کی سطح پر کئے گئے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہیکہ ڈینٹل ڈاکٹرس کی تعداد بہت کم پائی جانے کے باعث ڈینٹل ڈاکٹرس کے تبادلے حکومت کی ہدایت پر بھی نہیں کئے گئے لیکن ڈینٹل ڈاکٹرس نے بھی تبادلوں کی خواہش کرنے پر کونسلنگ انجام دی گئی۔ اسی دوران ڈائرکٹر میڈیکل اینڈ ہیلت ڈاکٹر سرینواس راؤ نے بتایا کہ 35 سال سے ایک ہی مقام پر خدمات انجام دینے والے ملازمین و ڈاکٹرس کو تبادلوں کے ذریعہ دیگر مقامات پر تعینات کیا گیا۔ تاہم تبادلوں میں چند ایک ناانصافیاں کئے جانے کا اظہار کرتے ہوئے بعض ملازمین و دیگر ڈائرکٹر میڈیکل اینڈ ہیلت آفس کے روبرو احتجاج کرتے ہوئے دھرنا منظم کیا۔ ریاستی ڈائرکٹر محکمہ میڈیکل اینڈ ہیلت مسٹر سرینواس راؤ نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کسی کے ساتھ بھی ناانصافیاں نہیں کی گئیں جبکہ تمام تبادلے شفاف انداز میں آن لائن طریقہ کار کے ذریعہ عمل میں لائے گئے۔